سرینگر //جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹو چیئر مین جسٹس علی محمد ماگرے کی سربراہی میں اعلیٰ اختیار والی کمیٹی نے محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا، کمیٹی کے ممبران ڈی جی پی پرزنز ڈاکٹر بی سری نواسن نے یہاں قیدیوں کو رہا کرنے سے متعلق کئی معاملات کے بارے میں ہدایات جاری کیں تا کہ جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری کے جیل خانہ جات میں قیدیوں کی بھیڑ کو کم کیا جا سکے ۔ سپریم کورٹ کی طرف سے 23 مارچ 2020 اور 7 مئی 2021 کو جاری کئے گئے ہدایات کی عمل آوری کے تحت جموں کشمیر حکومت نے یہ کمیٹی تشکیل دی تا کہ جیل خانہ جات میں قیدیوں کی تعداد کم کرنے اور سماجی دوری قائم رکھنے میں مدد مل سکے ۔ میٹنگ کے آغاز میں کمیٹی نے محکمہ جیل خانہ کی اُن کوششوں کو سراہا جن کے تحت جیل خانہ جات میں کووڈ 19 کی وباء کو روکنے میں مدد ملی ہے ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ تمام مجرم جنہیں اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی ہدایات کے تحت پیرول یا ضمانت پر رہا کیا گیا تھا ،کو عارضی طور پر 90 دنوں کیلئے فوری طور رہا کیا جائے گا ۔ جسٹس ماگرے نے ڈی جی پی پرزنز کو ہدایات دیں کہ وہ جیل میں مقیم افراد اور عملے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ٹیکہ لگانے کا عمل یقینی بنائیں ۔