غلام نبی رینہ
کنگن // غیر موسمی برف باری کے درمیان، سینکڑوں گجر اور بکروال خانہ بدوشوں کی نقل مکانی میں مشکلات آرہی ہیں۔عام طور پر مئی کے پہلے ہفتے سے پیر پنچال، جناب اور جنوبی کشمیر سے بکروال خانہ بدوش اونچی چراگاہوں کی طرف اپنی صدیوں پرانی نقل مکانی شروع کرتے ہیں۔خانہ بدوش اپنے مویشیوں کے ہمراہ گزشتہ ہفتے سے اپنے روایتی راستوں پر چل پڑے ہیں، جو موسمی تبدیلی کا آغاز ہوتا ہے۔ کئی اونچائی والے علاقوں میں تازہ، یا غیر معمولی برف باری کے باوجود یہ نقل و حرکت جاری ہے، لیکن صورتحال مشکل ترین بن گئی ہے۔گذشتہ سال پیر پنچال کے راجوری ،پونچھ اور جنوبی کشمیر سے سونہ مرگ کی طرف آنے والے بگروال خانہ بدوشوں کی تعداد 250سے زیادہ گروپ تھے،جن کیساتھ 2لاکھ 50ہزار کے قریب بھیڑ بکریاں تھے۔یہ خانہ بدوش گنگہ بل،دوری نار،گمری، منی مرگ،مٹائین،ویشن سر،تھاجواس،لدرواس،بالتل اورسر بل علاقوں میں بھیڑ بکریاں چراتے ہیں۔مئی کے وسط تک یہ خانہ بدوش اپنے ساتھ بھیڑ بکریوں سمیت سونہ مرگ پہنچ کر دیگر علاقوں میں پھیلتے ہیں جہاں وہ ستمبر تک اپنا ڈھیرہ ڈالتے ہیں۔لیکن اس سال گمری، مٹائین، منی مرگ، ویشن سر ، تھاجواس اور گنگہ بل علاقوں میں اچھی خاصی برف موجود ہے جس سے خانہ بدوشوں کی آمد میں مشکلات پیش آنے کا امکان ہے۔بھیڑوں، بکریوں اور گھوڑوں کے ریوڑ کے ساتھ، خاندان اہم چیلنجوں سے دوچار ہوکر، پہاڑی پگڈنڈیوںاور پھسلن بھری پٹریوں پر سفر کر رہے ہیں۔خطہ پیر پنچال سے اب تک درجنوں گروپ نکل چکے ہیں اور کچھ ادہم پور میں رکے ہیں جو یہاں سے گاڑیوں میں آکر سونمرگ پہنچنے کی کوشش کریں گے۔جو گروپ مغل روڑ سے آتے ہیں وہ پیر کی گلی اور آس پاس برفباری ہونے اور شدید سردی کے باعث اپنا سفر شروع کرنے کا انتظار کررہے ہیں کیونکہ 80فیصد خانہ بدوش بکروال ،اسی راستے سونہ مرگ تک سفر کرتے ہیں۔بکروال ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان کمیونٹیز کی بقا کے لیے ہجرت بہت ضروری ہے، کیونکہ گرمیوں کے مہینوں میں ان کا انحصار اونچی جگہوں پر چرنے کی جگہوں پر ہوتا ہے۔ ہر سال، جیسے ہی موسم بہار کا آغاز ہوتا ہے، گوجر اور بکروال قبائل اپنی صدیوں پرانی ہجرت کا آغاز کرتے ہیں، اور وادی کشمیر کے علاوہ چناب کے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع کی اونچی چراگاہوں کو آباد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا “اگرچہ ہجرت کے دوران انہیں بے شمار جان لیوا چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن قدیم زمانے سے اس پیشے سے وابستہ ہونے کی بنا پر اس انتہائی مشکل طرز زندگی کو جاری رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے، جسے ہمارے آبا اجداد نے چھوڑا ہے،” ۔قبائلی خانہ بدوش روایتی طور پر اپنے مویشیوں کے ساتھ موسم گرما کے دوران شمالی ہمالیہ کی بالائی ڈھلوانوں کی طرف جاتے ہیں اور سردیوں میں سینکڑوں میل پیدل سفر کرنے کے بعد میدانی علاقوں میں واپس لوٹ جاتے ہیں۔