حسین محتشم
پونچھ//جے کے پہاڑی یوتھ ایسوسی ایشن (جے کے پی وائی اے) کی راجوری ضلعی باڈی نے ضلع صدر سید سلیم بخاری کی قیادت میں نائب صدر جہانگیرخان ریاض احمد سپوکس پرسن اور چیف آرگنائزر آفتاب احمد مغل کے ہمراہ معزز چیف ایجوکیشن سے ملاقات کی۔ وفد نے جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (JKBOSE) اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نصاب میں پہاڑی اور گوجری زبانوں کو شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے خطے کی کمیونٹیز کے لئے پہاڑی اور گوجری زبانوں کی ثقافتی اور لسانی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے ورثے کو محفوظ رکھنے اور لسانی تنوع کو فروغ دینے کے لئے ان زبانوں کو اسکولوں اور کالجوں میں مضامین کے طور پر متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سی ای او نے اس تجویز کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں زبانوں کے لئے نصابی کتب اور نصاب پہلے سے ہی تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو مزید غور اور عمل درآمد کے لئے اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔ JKPYA ٹیم نے CEO کے مثبت ردعمل کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں کے جلد ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے پہاڑی اور گوجری بولنے والی برادریوں کے لسانی حقوق کی وکالت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ اقدام JKPYA کے وسیع تر مشن کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے تاکہ جموں اور کشمیر میں پسماندہ کمیونٹیز کی ثقافتی تحفظ اور تعلیمی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔