عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// پہاڑی برادری نے شیڈیول ٹرائب کا درجہ ملنے کے ایک سال مکمل ہونے پر شکرانے کا خصوصی پروگرام منعقد کیا، جس میں سیکڑوں افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ یہ پروگرام بی جے پی لیڈر اقبال ملک کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوا، جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا کہ اس نے ایک سال قبل اسی دن پہاڑی برادری کو شیڈیول ٹرائب کا سٹیٹس دیا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وبود گپتا جی تھے، جنہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیڈیول ٹرائب کا درجہ ملنے سے پہاڑی برادری کی سماجی و معاشی ترقی کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کی اقلیتی برادریوں کی ترقی کے عزم کا عملی ثبوت قرار دیا۔ پروگرام میں ریٹائرڈ ڈائریکٹر گلزار قریشی اور اوقاف اسلامیہ راجوری کے ایڈمنسٹریٹر قیوم میر نے بھی شرکت کی۔ گلزار قریشی نے اپنی تقریر میں کہا کہ شیڈیول ٹرائب کا درجہ ملنے سے پہاڑی برادری کے نوجوانوں کو تعلیمی اور ملازمت کے شعبوں میں نئے مواقع میسر آئیں گے۔ قیوم میر نے مودی حکومت کی فراخ دلانہ پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پہاڑی برادری کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے، جو ان کے بہتر مستقبل کی ضمانت بنے گا۔ شرکاء نے بھی اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا اور بی جے پی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے ان کے حقوق کو تسلیم کیا اور سماجی انصاف کی طرف ایک مثبت قدم اٹھایا۔ پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات اور ملک کی خوشحالی و ترقی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔