محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ گلپور پونی درہ وارڈ نمبر سات کے مکین اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں سڑک کی خستہ حالی اور زرعی زمینوں کی نہر کی تباہی نے ان کی روزمرہ زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ نہر کی بندش کے باعث کھیت پیاسے پڑے ہیں اور کسانوں کی فصلیں خشک ہونے کے قریب ہیں۔علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کے بہاؤ کی سمت بگڑ جانے کے باعث سارا پانی سڑک پر بہہ رہا ہے، جس سے سڑک کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے۔ آمد و رفت نہایت دشوار ہو چکی ہے اور کئی گاڑیاں یہاں پھنس جاتی ہیں۔ دیہی عوام نے الزام لگایا کہ انتظامیہ کی عدم توجہی اور لاپرواہی نے علاقے کو مسائل کے گرداب میں دھکیل دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد بار تحریری و زبانی طور پر ضلع انتظامیہ کو اس جانب متوجہ کیا گیا مگر کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔مقامی کسانوں نے بتایا کہ ان کی محنت سے تیار ہونے والی فصلیں پانی کی کمی کے باعث تباہی کے دہانے پہنچ جاتی ہیں، جس سے انہیں بھاری مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہا مجبوراً لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی عارضی مرمت شروع کر رکھی ہے، مگر وسائل کی کمی کے باعث یہ کام ادھورا ہے۔اہلِ علاقہ نے ضلع انتظامیہ پونچھ اور متعلقہ محکمہ جات سے پْرزور اپیل کی ہے کہ فوری طور پر سڑک کی مرمت اور نہر کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ ہوئی تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں اور عوام کا اعتماد انتظامیہ پر سے اٹھ جائے گا۔