منڈی//پونچھ پولیس کی جانب سے مدرسہ اعلیٰ پیر منڈی میں کمپیوٹرلیب کا عطیہ دیا گیا۔ اس موقعہ پر مدرسہ کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایس ایس پونچھ راجیو پانڈے مہمان خصوصی جبکہ ایڈیشنل ایس پی پونچھ انوار الحق مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجو دتھے ۔ اس موقعہ پر مدرسہ میں بنی کمپیوٹر لیب کا ایس ایس پی نے افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی پولیس کے سربراہ ایس پی وید کے کہنے پر اس مدرسہ کے طلباو طالبات کیلئے کمپیوٹر لیب دی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس ترقی یافتہ دور میں جہاں انٹر نیٹ اور کمپیوٹر سے ہر کام لیا جا رہا ہے تو اس ضرورت کو محسوس کیا گیا اور انہوںنے جذبہ خیر سگالی کے تحت دو کمپیوٹرز کا عطیہ دیا تاکہ یہاں کے بچے بھی کمپیوٹر کی تعلیم سے روشناس ہو سکیں۔ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس ہمیشہ ایسے مدارس اور اسکولوں کیلئے کمپیوٹرز اور دوسری چیزیں مہیا کرنے کے لئے تیار رہتی ہے اور آنے والے وقت میں بھی سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ دینی مدارس میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھاجائے گا تاکہ مدارس کے بچے بھی کمپیوٹر اور سائنس کی تعلیم سے آشنا ہوسکیں۔جامعہ مسجد اعلیٰ پیر کے امام و خطیب مولانا شاہد بخاری نے ریاستی پولیس سربراہ ایس پی وید اور ایس ایس پی پونچھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ مدرسہ کے طلباء و طالبات اور مدرسہ کی انتظامیہ کی جانب سے ان کے مشکور ہیں جنہوں نے اس تکنیکی دور میں کمپیوٹرز کا عطیہ دیاجس سے طلباء کو کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ مل سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مدرسہ میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی دی جاتی ہے تاکہ ان علاقہ جات کے بچے بھی ہر میدان میں اپنا لوہا منوا سکیں۔تقریب سے ایڈمنسٹریٹر اوقاف پونچھ ریاض آتش، آفتاب گنائی ،پیر پنچال عوامی ڈیولپمنٹ فرنٹ کے چیئر مین و سماجی کارکن مولوی محمد فرید، عبدالاحد بٹ، مظفر پٹھان اور سابق سرپنچ راجپورہ فاروق نجار نے بھی خطاب کیا۔