محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے مصروف تجارتی علاقے ناخانوالی روڈ اور باغ دیوڈی اور دیگر فٹ پاتھوں پر مبینہ تجاوزات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ٹھیلے والوں اور ریہڑی فروشوں کی جانب سے فٹ پاتھوں پر ناجائز تجاوزات اور قبضے کے نتیجے میں پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ راستہ تقریباً ختم ہو چکا ہے، جس کے باعث وہ مرکزی شاہراہ پر چلنے پر مجبور ہیں۔مقامی شہریوں کے مطابق فٹ پاتھ عوامی سہولت کے لیے تعمیر کیے گئے تھے، مگر ان پر ریہڑیوں اور عارضی دکانوں کے قیام نے ان کا اصل مقصد ہی ختم کر دیا ہے۔صورتحال کے باعث بزرگ شہری، خواتین، معصوم بچے اور اسکول و کالج جانے والے طلبہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور انہیں تیز رفتار ٹریفک کے درمیان چلنا پڑ رہا ہے، جس سے کسی بھی وقت سنگین حادثہ پیش آنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود میونسپل کونسل پونچھ فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے میں ناکام رہی ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف پیدل چلنے والوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ناجائز تجاوزات کے خلاف مؤثر مہم شروع کریں، فٹ پاتھوں کو فوری طور پر خالی کرایا جائے اور شہر میں پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ راستوں کی بحالی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔