عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے ضلع سطحی روڈ سیفٹی کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی، جس میں ضلع بھر میں سڑکوں کی حفاظت سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں روڈ سیفٹی پلان پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔میٹنگ کے دوران سڑکوں کو بلیک اسپاٹس سے پاک بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف حادثاتی مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ جامع سروے انجام دیں تاکہ حادثات کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہر مقام کا سائنسی بنیادوں پر معائنہ کیا جائے اور اس کے مطابق اصلاحی اقدامات فوری طور پر نافذ کیے جائیں۔انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ بلیک اسپاٹس کے خاتمے کے لیے مختص فنڈز کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو محفوظ سفر کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ حالیہ سڑک حادثات کا بھی کیس ٹو کیس جائزہ لیا گیا اور ان کے اسباب کا تجزیہ کرتے ہوئے آئندہ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایسے تمام مقامات کی نشاندہی کی جائے جو ابھی تک نظر انداز ہوئے ہیں اور وہاں فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں تاکہ حادثات کی شرح کو کم کیا جا سکے۔میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد سعید، سپرنٹنڈنگ انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) اروند منگے، چیف میڈیکل آفیسر، سی ای او میونسپلٹی، اے آر ٹی او، ڈی آئی او این آئی سی، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، تحصیلدار ہیڈکوارٹر، ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔