محتشم احتشام
راجوری //ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک پراسرار دھماکے میں پانچ سالہ بچہ زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر علاج کے لیے ضلع ہسپتال پونچھ میں داخل کرایا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس دھماکے کو اینٹی پرسنل لینڈ مائن سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق زخمی بچے کی شناخت رضوان احمد (5) ولد مقبول احمد ساکن دیگوار پونچھ کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچہ اپنے گھر کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک ایک زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔دھماکے کی آواز سن کر مقامی لوگ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور زخمی بچے کو نکال کر قریبی طبی مرکز لے گئے، جہاں سے اسے بہتر علاج کے لیے ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچے کو مناسب طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے اور اس کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں میں اس واقعے کے بعد خوف و ہراس کی فضا پائی جا رہی ہے، کیونکہ ایل او سی کے نزدیک ایسے واقعات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں۔ لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں مکمل جانچ کر کے ممکنہ خطرناک اشیاء کو ہٹایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ دھماکہ ممکنہ طور پر اینٹی پرسنل لینڈ مائن کی وجہ سے ہوا ہو سکتا ہے، تاہم حتمی رپورٹ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرحدی علاقوں میں کھیلتے وقت بچوں پر خاص نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شے یا غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع سیکورٹی ایجنسیوں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔