محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ کے مصروف ترین صدر بازار میں ٹریفک جام روزمرہ کا معمول بنتا جا رہا ہے، جس کے باعث تاجروں، راہگیروں اور خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے ٹریفک کے مسئلے پر فوری توجہ دے کر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو روزانہ کی پریشانی سے نجات مل سکے۔مقامی تاجروں کے مطابق قلعہ مبارک پونچھ سے صدر بازار کی جانب جانے والی مرکزی سڑک گزشتہ روز بھی دیر تک ٹریفک جام کی زد میں رہی۔
موٹر بائیک آٹرکشہ اور چار پہیہ گاڑیوں کی قطاریں لگنے سے نہ صرف آمد و رفت متاثر ہوئی بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ بازار میں خریداری کے لیے آنے والے شہری بھی شدید گرمی میں طویل انتظار کرنے پر مجبور رہے، جس کے باعث عوام میں ناراضی پائی گئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صدر بازار کی سڑک پہلے ہی تنگ ہے، جبکہ دن کے مصروف اوقات میں مال بردار گاڑیاں، چار پہیہ لوڈر اور دیگر بڑی گاڑیاں بازار میں داخل ہو جاتی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی مکمل طور پر متاثر ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان گاڑیوں کے داخلے کے لیے مخصوص اوقات مقرر کیے جائیں تو ٹریفک جام کی شدت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔تاجروں نے بتایا کہ بار بار ٹریفک جام کی وجہ سے خریدار بازار آنے سے گریز کرنے لگے ہیں، جس سے کاروبار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایمبولینس اور دیگر ہنگامی خدمات کی گاڑیوں کو بھی جام کے باعث دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو کسی بھی وقت سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔شہریوں اور تاجر برادری نے ضلع انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ صدر بازار میں ٹریفک کے مؤثر نظم و نسق کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی جائے، مصروف اوقات میں بھاری اور مال بردار گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے، غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور ٹریفک اہلکاروں کی مناسب تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بازار میں آمد و رفت بحال رہے اور عوام کو سہولت میسر آ سکے۔