عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلع ریاسی کے ارناس سب ڈویژن میں سیکورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ریاسی مکْند تیبریوال نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ لانگ رینج گشت کے لیے ایک منظم اور باقاعدہ روسٹر ترتیب دیں تاکہ علاقے میں حفاظتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ایس ایس پی ریاسی نے یہ ہدایات اس وقت جاری کیں جب وہ سب ڈویژن ارناس میں تعینات پولیس فورسز کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف پولیس تنصیبات کا دورہ کیا اور وہاں موجود سکیورٹی انتظامات، آپریشنل تیاریوں اور بنیادی ڈھانچے کا معائنہ کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ایس ایس پی نے پولیس پوسٹ تھنول، پولیس کمپوننٹ نارکوٹ، لَدھا اور چکالحوالہ میں قائم اقلیتی چوکیوں، اور زیر تعمیر پولیس اسٹیشن پناسا کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے سکیورٹی انتظامات اور دستیاب وسائل کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس دورے کے دوران ایس ڈی پی او ارناس اْپدیش کمار اور ڈپٹی ایس پی ایس او جی ارناس ہردیجیت سنگھ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔پولیس کمپوننٹ نارکوٹ میں ایس ایس پی ریاسی نے تعیناتی کے انداز اور آپریشنل حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ لانگ رینج گشت کے لیے ایک منظم روسٹر اپنائیں تاکہ علاقے میں نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید وسائل کے استعمال سے گشت کے نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مقامی آبادی اور ولیج ڈیفنس گارڈز (VDGs) کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، خاص طور پر دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں۔اقلیتی چوکیوں لَدھا اور چکالحوالہ میں تعینات اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران ایس ایس پی نے علاقے میں کیے جا رہے ڈومینیشن ایکسرسائز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مقامی دیہات میں وی ڈی جیز کے ساتھ رابطے، رہنمائی اور تعاون کی کوششوں کو سراہا اور اسے مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دی۔پولیس پوسٹ تھنول کے معائنے کے دوران انہوں نے مالخانہ، ریکارڈ روم اور دیگر اہم شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران اور عملے کو ہدایت دی کہ وہ ماضی میں پیش آئے عسکریت پسندی سے متعلق واقعات کا ازسرنو تجزیہ کریں اور ملک دشمن عناصر اور او جی ڈبلیوز پر کڑی نظر رکھیں تاکہ امن و امان میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔پولیس کے مطابق، یہ دورہ ضلع میں مضبوط سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ریاسی پولیس کے عزم کا عکاس ہے۔ ریاسی پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ضلع میں آنے والے زائرین اور سیاحوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔