جموں //کورونا وائرس مخالف اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے جموں وکشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کٹھوعہ ، لکھنپور اور اودھمپور کا دورہ کیا ۔اپنے دورے کے دوران پولیس سربراہ نے کٹھوعہ میں قائم کئے گئے قرنطینہ مراکز میں سہولیات کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی لکھنپور میں اشیائے ضروریہ کا معائنہ بھی کیا ۔ انہوںنے مقامی پولیس افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کے رول کی ستائش کی اور کہاکہ وہ دن رات ڈیوٹی سرانجام دیکر دیگر محکمہ جات سے تعاون بنائے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس دیگر محکمہ جات کے ساتھ فرنٹ لائن پر ہے اور حکومت کی طرف سے جاری ہدایات پر عمل آوری کو یقینی بنایاجارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ کٹھوعہ میں رضاکاروں کے تعاون سے پولیس کی طرف سے 4ہزار لوگوں کیلئے کھانے کا انتظام رکھاگیاہے ۔انہوںنے لکھن پور راہداری کا دورہ بھی کیا اور اشیائے ضروریہ کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔پولیس سربراہ نے اس بات پر زور دیاکہ ماسوائے لازمی اور ہنگامی صورتحال کے ٹرانسپورٹ کے کسی بھی گاڑی کو داخلہ کی اجاز ت نہ دی جائے ۔بعد ازآں انہوںنے اودھمپور کا دورہ بھی کیا اور کورونا کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔