پلوامہ ہلاکتوں کیخلاف بانڈی پورہ میں نیشنل کانفرنس کی احتجاجی ریلی

سرینگر/درجنوں نیشنل کانفرنس کارکنوں نے جمعرات کو شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں حالیہ پلوامہ ہلاکتوں کیخلاف احتجاجی ریلی میں حصہ لیا۔

مظاہرین نے گورنر انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی اور الزام عاید کیا کہ معصوم کشمیریوں پر ہر طرح کا ظلم روا رکھا جارہا ہے۔

مظاہرین کی قیادت نیشنل کانفرنس کے بانڈی پوری ضلع صدر غلام رسول ناز کررہے تھے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام پر جاری جبر پر فوری روک لگنی چاہئے۔

انہوں نے کہا'' ہم پلوامہ میں فورسز کے ہاتھوں حالیہ ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہیں ۔ کشمیر میں فورسز کارروائیوں کے دوران بچوں اور خواتین کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے۔حکومت کو چاہئے کہ کشمیریوں کو جان سے مارنے کے بجائے اُن کے دل جیتے ''۔

مظاہرین نے منی سیکریٹریٹ تک ریلی کا اہتمام کرکے ضلع کمشنر بانڈی پورہ کو ایک یاددشت پیش کی۔