پلوامہ+ترال//پلوامہ میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان ایک نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ جمعرات شام کو جب فورسز اور پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹیوں سے ہٹایا گیا تو نوجوانوں نے فورسز پر سنگبازی کی۔عینی شاہدین کے مطابق اس موقعہ پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس گولوں کا استعمال بھی کیا گیا۔جب سنگبازی میں شدت آگئی تو فورسز اہلکاروں نے گولی چلائی، جس سے ایک نوجوان زخمی ہوا۔ گولی اس کی ٹانگ میں پیوست ہوئی۔ نوجوان خون میں لت پت ہوکر وہی پر گرگیا،جس کو بعد میں ضلع اسپتال پہنچایا گیا،جہاں اس کی حالت مستحکم ہے۔زخمی نوجوان کی شناخت عبید احمد کے بطور ہوئی۔ادھر کریم آباد پلوامہ اور ڈاڈسرہ ترال میں کل ہڑتال کے دوران تلاشی کارروائیاں کی گئیں۔جمعرات کو کریم آباد پلوامہ اور داڈسرہ ترال میں فوج نے تلاشی لی جس دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ کی گئی جبکہ ڈاڈ سرہ ترال میں پولیس اور فوج کے مطابق 42آر آر اور ایس او جی اونتی پورہ نے ڈاڈ سرہ ترال محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری یا کوئی بھی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوا۔