پلانگڑھ کھوڑی ۔پٹی کوپرہ سڑک کا افتتاح

 راجوری// خوراک، شہری رسدات ، امور صارفین اور امور قبائل کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت دیہی علاقوں میں خصوصی ترقیاتی عمل جاری رکھے ہوئے ہے تا کہ لوگوں کو معیاری بنیادی ڈھانچہ فراہم ہوسکے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے 4.5 کلو میٹر کھوری۔ پلانگڑھ سڑک کے افتتاح کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ سڑک جسے3.70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، سے کھوری، کورپرا، مہاراج پورہ، باکری اورپلانگڑھ دیہات کو جوڑ کر3 ہزار لوگوں کو سڑک رابطہ فراہم ہوگا۔اس موقعہ پر وزیر نے پٹی گاؤں کو ایک ماڈل ولیج کے طور ترقی دینے کے لئے2 کروڑ روپے منظور کئے۔بعد میں وزیر نے جی ایم سی راجوری کا دورہ کیا اور139 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی عمل کا جائیزہ لیا جس کے ستمبر2018 تک مکمل ہونے کی اُمید ہے۔ وزیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر شاہد اقبال چودھری، ایس ایس پی یوگل منہاس اور دیگر افسران بھی تھے۔