سانبہ//صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ، ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ سشما چوہان، ایڈیشنل ڈی ڈی سی اروند کوتوال ، ایس ڈی ایم وِجے پور وِجے شرما ، جمو ں شہرکے گورنمنٹ ڈگری کالجوں کے پرنسپل صاحبان ، تعمیرات عامہ کے اعلیٰ افسران ، ضلع انتظامیہ و طلبا ء کی بڑی تعداد کی موجودگی میں پرمنڈل اور وِجے پور میں دو گورنمنٹ ڈگری کالجوں کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پر طلباء کی ایک بڑی تعداد ، کئی مقامی سرپنچ و پنچ و دیگر موجود تھے۔نوین کمار چودھری نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس کالج کے قیام سے علاقے کی اعلیٰ تعلیم کے معیار میں بہتری آئے گی اور ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں طلاب مستفید ہوں گے۔مقامی لوگوں نے اس کالج کے قیام کے سلسلے میں گورنر کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ اس کالج کے ساتھ ساتھ ضلع میں کالجوں کی کل تعداد پانچ ہوگی۔نوین چودھری نے مزید کہاکہ اس سرحدی علاقے کے لوگوں کی دیرینہ مانگ اس کالج کے قیام سے پوری ہوگی اور حکومت اعلیٰ تعلیم کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے وعدہ بند ہے۔یہاں یہ بات قابل ذِکر ہے کہ گورنر انتظامیہ نے حال ہی میں ریاست کے لئے 50ڈگری کالجوں کے قیام کو منظوری تاکہ ریاست کے لوگوں کو اعلیٰ تعلیم سے روشناس کیا جاسکے۔