جموں //پردیش کا نگریس کی کو آرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس پارٹی ہیڈ کوارٹر شہیدی چوک جموں میں منعقد ہو ا جس کے دوران ریاست میں آئندہ انتخابات کی حکمت عملی و دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری اور پارٹی کے ریاستی امور کے انچارج سدھیر شرما کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر و دیگر سنیئر لیڈران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کے دوران ریاست جموں وکشمیر میں آئندہ پارلیمانی و اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی کے ریاستی ونگ کی جانب سے کی گئی تیاریوں اور پارٹی لیڈران و کارکنوں کی جانب سے کانگریس کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی ۔اجلاس کے دوران مرکزی حکومت کی ناکامی اور ریاست میں سیکورٹی صورتحال کے سلسلہ میں پیدا شدہ مسائل پر بات چیت کرتے ہو ئے لیڈران نے کہاکہ ریاست میں پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ حکومت کی ہوئی ناکامی کی وجہ سے عوام متعدد مسائل کا شکار ہو چکے ہیں ۔اجلاس کے دوران پارٹی کے سنیئر لیڈران نے کارکنوں کو ہدایا ت جاری کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی کی مضبوطی کیلئے یکجا ہو کر کام کیا جائے ۔اجلاس کے بعد پردیش کانگریس کمیٹی کی الیکشن کمیٹی کا اجلاس غلام احمد میر کی صدرات میں منعقد ہوا ۔اس اجلاس میں تارا چند ،رمن بھلہ ،جی ایم سروڑی ،رمن مٹو ،عثمان مجید ،ٹھا کر منموہن سنگھ ،اسلم گونی ،چوہدری محمد اکرم ،راجنیش شرما ،سبھاش گپتا،اشوک گپتا ،ڈاکٹر رشید چوہدری ،ڈاکٹر منوہر لعل ،شبیر احمد خان ودیگران بھی موجود تھے ۔