نوشہرہ//نوشہرہ پولیس نے قتل میں ملوث شخص کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیاہے ۔ واضح رہے کہ منظور حسین عمر 50سال سکنہ وارڈ نمبر چار نوشہرہ چوبیس مئی 2018کو اپنے گھر سے لاپتہ تھاجس کی نعش کچھ روز بعد مناور دریا سے برآمد ہوئی تھی ۔ وہ 29مئی تک گھر نہ آیاتھا مگر اس کے اہل خانہ نے مقتول کی گمشدگی رپورٹ درج نہ کروائی ۔تاہم جس روز اس کی نعش مناور دریا سے برآمد ہوئی اسی روز اس کی گمشدگی رپورٹ بھی درج کی گئی ۔ پولیس نے انتیس مئی کو برآمد ہوئی اس نعش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد قاتل کا سراغ لگانا شروع کردیا تاہم اس کی موبائل لوکیشن ٹریس نہیں ہورہی تھی ۔ اس دوران پولیس نے جموں کے بشناہ ، بدھل اور کئی جگہوں پر چھاپے مارے اور بالآخر ملزم کو کشتواڑ ضلع میں ایک ڈھوک سے گرفتار کیاگیا ۔پولیس کے مطابق اسے تھانے لاکر تفتیش کی گئی جس دوران اس نے جرم کا اقرار کیا ۔پولیس کے مطابق ملزم نے اقرار کیاکہ اس کے مقتول کی زوجہ کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے اوراسی وجہ سے یہ قتل کرکے نعش دریا میں پھینک دی گئی ۔ اس سلسلے میں نوشہرہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بتایاکہ ملزم ظہور احمد سکنہ بشناہ جموں حال کشتواڑ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کیاہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔