پرائمری سکول کیری ٹاپ کی زمین پر نا جائز قبضہ جاری

مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے کیری گائوں میں قائم کر دہ کیری ٹاپ پرائمری سکول ناڑہ گھما کی اراضی پر کچھ مکینوں کی جانب سے مبینہ طورپر غیر قانونی قبضہ کیا گیا ہے تاہم محکمہ تعلیم کے ملازمین و آفیسران اس سلسلہ میں کارروائی کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو گئے ہیں ۔مقامی معززین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سکول کے ارد گرد رہائش پذیر کچھ افراد کی جانب سے سکول کی اراضی پر غیر قانونی طورپر تعمیر ات کی گئی ہیں تاہم محکمہ کو اس سلسلہ میں جانکاری فراہم کرنے کے باوجود بھی اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور محکمہ ایجوکیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سکول کی اراضی پر تعمیر کی گئی دیوار کو منہدم کرنے اور زمین پر قبضہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ اراضی کی نشاندہی کر کے زمین سکول انتظامیہ کے حوالے کی جائے ۔زونل ایجوکیشن آفیسر ہرنی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں پولیس کو تحریری شکایت کی گئی ہے لیکن ابھی تک کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ دوبارہ سے پولیس سے رجوع کیا جائے گا تاکہ زمین کو خالی کروایا جاسکے ۔