مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی پنچایت دھراٹی میں قائم کردہ پرائمری سکول اُ پر سوالہ کی عمارت گزشتہ 11برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے بچوں ی تعلیم بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔عوام نے بتایا کہ پرائمری سکول کیلئے بنائی جارہی عمارت کی تعمیر 2010میں شروع کی گئی تھی لیکن ٹھیکیدار نے لینٹر کے بعد سکول کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ محکمہ اور تعمیر اتی ایجنسی کی لاپرواہی کی وجہ سے اب عمارت ہی کھنڈر میں تبدیل ہو گئی ہے ۔یوتھ لیڈر ظہیر خان نے بتایا کہ سرحد کے نزدیک قائم کر دہ سرکاری سکول کے پاس ابھی تک کوئی بھی بنکر تعمیر ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے فائرنگ کے دوران بچوں کی تعلیم مکمل طور پر متاثر رہتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سکول کے قریب ایک بیت الخلاء تو تعمیر کیا گیا لیکن اس میں پانی جیسی کوئی سہولیت میسر نہیں رکھی جاسکی جس کی وجہ سے مذکورہ عمارت ناقابل استعمال ہو گئی ہے ۔عام لوگوں نے بتایا کہ عمارت کا پلستر کروانے اور اس کو مکمل کر کے بچوں کو سہولیات میسر کروانے کیلئے کئی مرتبہ حکام سے رابطہ کیا گیا لیکن 11برسوں بعد بھی عمارت کی حالت جوں کی توں ہی ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سکول کی تعمیر مکمل نہ کرنے کیلئے متعلقہ ٹھیکیدار کا لائسنس منسوخ کیا جائے جبکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کو مکمل کرنے کیساتھ ساتھ بچوں کیلئے دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر رکھی جائیں ۔