مینڈھر//پاکستان پر حد متارکہ پر اسلحہ گرانے سمیت ناقابل قبول حرکات انجام دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر کے صلاح کار فاروق خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو سبق سکھانے کیلئے ایک اور سرجیکل سٹرائک کی ضرورت ہے۔مینڈھر میں عوامی دربار منعقد کرنے کے بعد دیر رات نامہ نگاروں سے گفتگو میں انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیکورٹی فورسز ہمیشہ پاکستان کے مزموم ارادوں کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔اُن کا کہناتھا’’ڈرون کے ذریعہ سرحد ی علاقوں میں اسلحہ گرانے کی پاکستانی کوششوںکو بھی ناکام بنایاگیا اور ایسا لگ رہا ہے کہ پاکستان سرجیکل سٹرائک سے ملا سبق بھول چکا ہے اور اب ایک اور سرجیکل سٹرائک درکار ہے‘‘۔انہوںنے کہا کہ ان کے پیر پنچال دورے کا مقصد نو منتخب ڈی ڈی سی ممبروں اور دیگر منتخب نمائندوں اور سیول سائٹی سے ملاقاتیں کرنا ہے تاکہ لوگوںکے مسائل جان کر ان کے ازالہ کیلئے کوششیں کی جاسکیں۔اس سے قبل مشیر فاروق خان منگلوار کے روز خطہ پیر پنجال کے دورے کے دوران منجاکوٹ اور مینڈھر پہنچے ۔انہوںنے ڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں لوگوں کے مختلف مسائل سنے۔ لوگوں نے منجاکوٹ میں ڈگری کالج کی دیرینہ مانگ، بی اے ڈی پی سکیم، سڑکوں کی مرمت، بجلی اور پانی کی مانگیں، بنکروں کی تعمیر اور بقایا جات کی واگزاری، درجہ چہارم کے ملازمین کو مستقل کرنے کی مانگ کے ساتھ ساتھ دیگر اہم معاملات بھی ان کے سامنے رکھے ۔صلاح کار نے کہا کہ لوگوں کے تمام جائز مطالبات کو حل کیا جائے گا۔اس کے بعد وہ مینڈھر گئے جہاں انہوں نے پہنچتے ہی سابق وزیر مرحوم سردار رفیق حسین خان کے گھر جاکر انکے لواحقین سے اظہار ہمددردی کی جس کے بعد وہ ڈاک بنگلہ مینڈھر پہنچے جہاں پر انہوں نے کئی وفود کے ساتھ شام دیر تک ملاقات کی۔ اس دوران ڈی ڈی سی کونسلر ،بی ڈی سی چیئرمین ،کے علاوہ کئی سیاسی وفود نے بھی ملاقات کرکے اپنے اپنے مطالبات فاروق خان کے سامنے رکھے۔ بی ڈی سی کونسلر اور بی ڈی سی چیئرمینوں نے فاروق خان سے کہا کہ مینڈھر میں کئی برسوںسے ترقیاتی کام رکے پڑے ہیں جس پر فاروق خان نے انہیں یقین دلیا کہ منی سیکریٹریٹ کے لئے رقومات جلد واگذار کی جائیں گی جبکہ سب ڈویژن مینڈھر کے لئے ایک کھیل کود کے میدان کے علاوہ بلڈ بنک بھی دیا جائے گا جبکہ مزید جتنے بھی پروجیکٹ رکے پڑے ہیں، انکو بھی جلد شروع کیا جائے گا۔