پاکستان نے زمبابوے کو 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں 24 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔ ہرارے میں کھیلے گئے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے جس میں محمد رضوان نے سب سے زیادہ 89 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد رضوان اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تھا، مگر سیریز میں پہلی دفعہ موقع حاصل کرنے والے شرجیل خان بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور پانچویں اوور میں 35 رنز کے اسکور پر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو پاکستان کی گرنے والی پہلی وکٹ تھی۔ کپتان بابراعظم اور رضوان نے طویل شراکت قائم کی اور آخری اوور میں ٹیم کا اسکور 161 رنز تک پہنچایا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ پاکستان کی بقیہ دونوں وکٹیں 19ویں اوور میں گریں جب تیسری گیند پر کپتان بابر اعظم 52 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوئے اور ان کے بعد کریز پر آنے والے فخر زمان بھی اگلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔ بابر اعظم نے 52 رنز کی اننگز کے دوران بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی سے ایک اور اعزاز چھین لیا اور ٹی20 طرز کرکٹ میں تیز ترین 2 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ پاکستان نے مقررہ اوور میں رضوان کے91 رنز کے باعث 3 وکٹوں پر 165 رنز بنائے۔
پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر سیریز جیت لی
