ایجنسیز
نیویارک/فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل اسپین کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے کو اس وقت بڑی خوشخبری ملی جب زخمی ونگرز لامین یامال اور نیکو ولیمز نے امریکہ کے شہر چاٹانوگا میں جاری اسپین کے تربیتی کیمپ میں اپنی ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ مکمل تربیت میں حصہ لیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بارسلونا کے نوجوان اسٹار لامین یامال اور اتھلیٹک بلباؤ کے ونگر نیکو ولیمز ہیم اسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد مکمل ٹیم ٹریننگ میں شریک ہوئے ہیں۔ ان انجریوں کے باعث دونوں کھلاڑی لا لیگا سیزن کے آخری مرحلے سے بھی باہر رہے تھے ۔ لامین یامال کو 22 اپریل کو سیلٹا ویگو کے خلاف میچ میں پنالٹی اسکور کرتے وقت ہیم اسٹرنگ کی انجری ہوئی تھی، جبکہ نیکو ولیمز 10 مئی کو والنسیا کے خلاف میچ میں اسی نوعیت کی انجری کا شکار ہوئے تھے ۔
انجری کے باعث دونوں کھلاڑی اسپین کے عراق اور پیرو کے خلاف وارم اپ میچوں میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے ۔ تاہم کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے مسلسل یہ کہتے رہے ہیں کہ دونوں کھلاڑی 15 جون کو کیبو وردے کے خلاف اسپین کے ورلڈ کپ کے پہلے میچ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوں گے ۔ لامین یامال کو موجودہ اسپینش ٹیم کا سب سے نمایاں ستارہ تصور کیا جا رہا ہے ، جبکہ نیکو ولیمز اگرچہ سیزن کے دوران پیلوک (کولہے ) کی تکلیف سے بھی متاثر رہے ، لیکن وہ یورو 2024 جیتنے والی اسپینش ٹیم کے اہم رکن تھے ۔ فی الحال اسپین کے اسکواڈ میں صرف وکٹر مونوز انجری کے باعث دستیاب نہیں ہیں، جبکہ باقی تمام کھلاڑی فٹ قرار دیے جا رہے ہیں۔