اوڑی//پاوڈیاں اوڑی گزشتہ دوہفتوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ دو ہفتے قبل ان کے گائوں کی واٹر سپلائی سکیم جو اَپر اوڑی (upper Uri) میں ایک پانی حوض سے بچھائی گئی ہے،سے لوگوں نے ایک بڑا سانپ بر آمد کیا تھا، جس کے بعد واٹر سپلائی سکیم کی صفائی کے غرض سے محکمہ جل شکتی نے پانی سپلائی گائوں کو بند کی تھی، تا ہم ابھی تک محکمہ نے اس واٹر سپلائی سکیم کی صفائی کر کے گائوں میں پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال نہیں کیا ہے۔لوگوں نے کہا کہ گائوں کی خواتین ندی نالوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اوڑی کے پانی حوض میں اکثر کیڑے مکوڑے اور گندگی پائی جاتی ہے مگر محکمہ کبھی بھی اس حوض کو صاف نہیں کرتا ہے نہ ہی حوض میں کوئی دوائی چھڑکتے ہیں۔اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر جل شکتی اوڑی ناصر احمد وانی نے بتایا کہ پاوڈیاں گاوں کی واٹر سپلائی سکیم کی صاف صفائی مکمل کر کے گائوں میں پانی بحال کر دیا گیا ہے، تا ہم پانی کی قلت کی وجہ سے ابھی لوگوں کو پانی شفٹ کے طور فراہم کیا جا رہا ہے۔انجینئر نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کی صاف صفائی کے دوران متعلقہ گاوں کے لوگوں کو پانی ٹینکروں کے زریعے فراہم کیا جا رہا تھا۔