مینڈھر//مینڈھر کے بنولہ علاقہ کے محلہ بیلا بنولہ کے مرد و زن نے پانی کی عدم دستیابی پرتحصیل کمپلیکس مینڈھر میں محکمہ کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران شبیر احمد ،فضل حسین،انور حسین شاہ، سرور حسین شاہ نے کہا کہ گذشتہ ڈھائی مہینوں سے انہیں پانی کی سپلائی نہیں کی گء اور محکمہ کی لاپرواہی کے نتیجہ میں وہ ماہ صیام میں بھی پانی خرید کر یا پھر کئی کلو میٹر دور سے لاکر استعمال کرتے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھیرہ کنڈ واٹر سپلائی سکیم سے انہیں پانی دیا جاتارہاہے جس کی ایک لائن ایک محلہ جبکہ دوسری لائن دوسرے محلہ کو جاتی ہے لیکن محکمہ کے ملازمین کو صرف ایک ہی محلہ کی فکر رہتی ہے اور محلہ سیداں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی اور بیلہ بنولہ کے لوگ بوند بوند کے محتاج ہیں۔ان کاکہناتھاکہ اگر محکمہ کی طرف سے پانی کی سپلائی ہوتی توان کی خواتین آج یہاں احتجاج کرنے نہیں آتی۔انہوں نے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے وہ پریشان ہیں کہ عید کے روز پانی کہاں سے لائیں گے اور کیسے انتظام ہوگا۔کئی گھنٹے احتجاج جاری رکھنے کے بعدمحکمہ کے اے ای ای موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے یقین دلایاکہ پانی کی سپلائی بحال کردی جائے گی جس پر لوگ پرامن طور پر منتشر ہوئے اور احتجاج ختم ہوگیا۔