کوٹرنکہ// کوٹرنکہ تعلیمی زون میں محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں میں تعمیر کئے گئے بیت الخلا ئوںمیں پانی و دیگر بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کئی جگہوں پر ایسے بیت الخلا ء تعمیر کئے گئے ہیں جہاں پانی کا نام و نشان ہی نہیں ہے جبکہ صرف برائے نام بیت الخلاء تعمیر کروا کے خزانہ عامرہ کو چونا لگایااور انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونک کر رنگ و روغن کر کے بڑے بڑے حروف میں سوچھ بھارت تحریر کر کے پیسہ ہڑپ کرنے کا طریقہ اختیار کیا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کی کہ جلد از جلد ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو کوٹرنکہ زون میں تعمیر کئے گئے بیت الخلائوںکا آڈٹ کرے گی ۔لوگوں نے یہ بھی کہا کہ تعمیر کئے گئے بیت الخلائوں کی لاگت 70 ہزار سے لے کر1لاکھ 70ہزار روپے تک تھی جبکہ زمینی سطح پر اتنی خطیر رقم کے صرفہ کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے۔