مینڈھر//مینڈھر کے اڑی علاقہ کے لوگوں نے سرنکوٹ۔ مینڈھر سڑک بند کرکے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف زور دار احتجاج کیا ۔اس دوران مرد و خواتین نے کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمدروفت کو بند کرکے متعلقہ وزیر اور محکمہ پی ایچ ای کے افیسران کے خلاف زوردار نعرے بازی کی۔مظاہرین نے کہا کہ اڑی علاقہ میں پینے کا صاف پانی گزشتہ ایک مہینے سے بند ہے اور متعلقہ محکمے کے ملازمین نے جان بوجھ کر لفٹ سکیم بند کی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں لوگوں کو کئی کلو میٹر دور سے جا کر پانی لانا پڑتا ہے۔ان کاکہناتھاکہ متعلقہ جی اے گاڑیاں لے کر سڑکوں پر گھومتے ہیں اور مہینوں تک پانی کی سکیموں پر نہیں آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مہینے سے لائن ٹوٹی ہوئی ہے جس کو ٹھیک کرنے میں محکمہ ٹال مٹول کر رہا ہے اور لائن کو ٹھیک کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہو رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر لائن جے سی بی مشین نے کام کرتے وقت توڑی تھی تو متعلقہ جی اے نے مشین کے مالک کے خلاف مقدمہ کیوں نہیں درج کروایاجس سے یہ ظاہرہوتاہے کہ جے ای مشین کے مالکان سے پیسہ لیتے ہوںگے ۔انہوں نے کہا کہ ایک مہینہ سے لوگ پانی کی ایک ایک بوند کے لئے تڑپ رہے ہیں لیکن محکمہ کے ملازمین گاڑیوں سے نیچے پائوں نہیں رکھتے۔ احتجاج کو دیکھتے ہوئے اے ای ای مینڈھر منیر چوہدری موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین کو یقین دلایاکہ لائن ٹھیک کرکے جمعہ کو پانی سپلائی کیا جائے گا ۔اسی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کیا اور گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی ۔تاہم مظاہرین نے کہاکہ اگر پانی کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو اس سے بھی بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔رابطہ کرنے پر اے ای ای نے بتایاکہ متعلقہ جی اے ڈیوٹی پر نہیں آتا جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا اٹھانا پڑا ہے ۔انہوںنے کہاکہ انہیں جی اے کو چارج شیٹ کیا ہے کیونکہ لائن ٹوٹنے کے بعد اس نے کوئی بھی رپورٹ نہیں دی اور نہ ہی پانی کی سپلائی کو بحال کروایا۔