اپوزیشن سے ایوان میں پرسکون ماحول برقراررکھنے کی اپیل
سرینگر//وزیراعظم نریندرمودی نے اُمیدظاہر کی ہے کہ پارلیمان کا مان سون اجلاس نتیجہ خیزثابت ہونے کے علاوہ بامعنی بحث کیلئے وقف ہوگا۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت ملک کے عوام کے سوالات کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ سوموار کو شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاوس کے کمپلکس میں میڈیاکودیئے گئے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ حکومت حزب اختلاف اور عوام کے تیکھے سوالات کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ایوان میں احسن طریقے سے کام کاج ہونے کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا،’’ ایوان میں یہ سیشن نتیجہ خیز ثابت ہوگا، معنی خیز بحث کے لئے وقف ہو، ملک کے عوام جو جواب چاہتے ہیں، وہ جواب دینے کے لئے سرکار پوری طرح تیار ہے‘‘۔ وزیراعظم نریندر مودی نے تمام اپوزیشن کے لیڈروں سے گزارش کی کہ وہ تیکھے اور دھاردار سوالات پوچھیں اور ایوان میں پرسکون ماحول برقرار رکھیں، جس سے حکومت کو جواب دینے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے عوام تک حقائق پہنچانے کا موقع ملتا ہے۔ اس سے عوام کا اعتماد بڑھتا ہے، ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کورونا وباء پر پارلیمنٹ اور باہر دونوں جگہ بحث کرنے اور سیاسی جماعتوں کو تمام معلومات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ایوانوں کے لیڈروں کے ساتھ کورونا وباء کی صورتحال پر منگل کی شام کو بات کرنے کے لئے تیار ہیں اور انہوں نے لیڈروں سے اس کے لئے وقت نکالنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا ’’کورونا وباء نے پوری دنیا کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے، اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں بھی اس پر معنی خیز بحث ہو اور ترجیحی بنیادوں پر ہو۔ تمام لیڈر اپنی تجاویز پیش کریں، اس سے کورونا کے خلاف لڑائی میں نیا پن آسکتا ہے، خامیوں کو دور کیا جاسکتا ہے۔ ایوان کے تمام لیڈروں سے میں نے اپیل کی ہے کہ وہ کل شام کو وقت نکالیں، تو میں انہیں کورونا سے متعلق تمام معلومات فراہم کرنا چاہتا ہوں۔ میں کورونا وبا کے سلسلے میں وزرائے اعلیٰ سے بھی بات کر چکا ہوں‘‘۔اس سے قبل وزیر اعظم نے وہاں موجود تمام لوگوں سے بھی کورونا سے محتاط رہنے اور اس کے لئے کورونا ویکسین لگوانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنے بازو پر کورونا ویکسین کا ٹیکہ لگوانے کے بعد کورونا سے مقابلہ کرنے کے لئے قابل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’امید ہے کہ آپ سب کو ویکسین کا ایک ڈوز لگ گیا ہوگا۔ سب سے درخواست ہے کہ ایوان میں بھی ہم سب کورونا پروٹوکول پر عمل کرنے میں بھی تعاون پیش کریں۔ یہ ویکسین بازو پر لگائی جاتی ہے، تو آپ ’باہوبلی‘ بن جاتے ہیں۔