جموں //نیشنل پنتھرز پارٹی نے آئندہ پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں ادہم پور ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ سے ہرش دیو سنگھ کو اپنا امید وار نامزد کیا ہے ۔یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر بلونت سنگھ منکوٹیہ نے کہاکہ پارٹی نے صوبہ جموں کی عوام کی بھر پور نمائندگی کو ذہن میں رکھتے ہوئے پارٹی چیئرمین کو پارلیمانی انتخابات میں اپنا امید وار نامز کیا ہے ۔عوام سے پارٹی کے امید وار کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے منکوٹیہ نے کہاکہ پارٹی چیئر مین کو پارلیمانی حلقہ سے امید وار نامزد کرنے کیلئے ضلع کٹھوعہ ،ادہم پور اور ڈوڈہ کے مختلف علا قوں سے عوامی نمائندوں کی جانب سے کی گئی مانگ کو ذہن میں رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے ۔صوبہ جموں کے پارلیمانی حلقوں سے منتخب ہوئے ممبران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے موصوف نے کہاکہ صوبہ کی عوام کیساتھ انتخابات کے دوران کئی وعدے کئے گئے تھے لیکن انتخابی نتائج کے بعد عوامی مسائل کو حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل صوبہ کی عوام نے بھاجپا اور کانگریس کے امید واروں کو منتخب کر کے پارلیمنٹ میں بھیجا تاہم ہر بار عوام کو نتیجہ ایک جیسا ہی ملاجس کی وجہ سے اس وقت دیہی علا قوں میں عوام کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔اپنے بیان میں یشپال کنڈل نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ علا قائی پارٹی کے امید وار کو منتخب کرنے کریں تاکہ صوبہ بالخصوصی ادہم پور ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ کی عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی جانب توجہ مبذول کروائی جاسکے ۔اس موقعہ پر پی کے گنجو ،شنکر سنگھ چب،جگدیو سنگھ ،پرم جیت سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔