اسلام آاد //ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کی 15 رکنی ٹیم میں مزید ایک تبدیلی سنیچر کو کی گئی ہے۔ حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 11 ہزار رنز مکمل کرنے والے شعیب ملک نے سکواڈ میں واپسی کی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ بیان کے تحت صہیب مقصود کی جگہ مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 'صہیب مقصود کمر کی تکلیف کے باعث قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کا ایم آر آئی سکین 6 اکتوبر کو کروایا گیا تھا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ 'صہیب مقصود کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے باہر ہونا افسوسناک ہے۔ انھوں نے قومی سکواڈ کا حصہ بننے کے لیے بہت محنت کی تھی۔ ہمیں ان کا احساس ہے مگر انجریز کھیل کا حصہ ہوتی ہیں۔انھیں یقین ہے کہ 'صہیب مقصود اپنا ری ہیب پروگرام مکمل کرنے کے بعد جلد دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ مشاورت کے بعد ہم نے ان کی جگہ شعیب ملک کو قومی سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ شعیب ملک کا تجربہ قومی سکواڈ کے لیے بہت کارگر ثابت ہوگا۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی سکواڈ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا۔ میگا ایونٹ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو انڈیا کے خلاف کھیلے گا۔ اس سے قبل پاکستان 18 اور 20 اکتوبر کو بالترتیب ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گا۔شعیب ملک نے 2007 میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔ وہ 2009 کے ورلڈکپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا بھی حصہ تھے۔ انھوں نے 2012، 2014 اور 2016 کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔اس سے قبل پی سی بی نے سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی تھیں۔ بلے باز فخر زمان، حیدر علی اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا تھا جبکہ خوشدل شاہ، اعظم خان اور فاسٹ بولر محمد حسنین پہلے سے اعلان کردہ ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔فخر زمان ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ ان کی ٹیم میں حتمی شمولیت کے بعد ان کی جگہ خوشدل شاہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیے گئے ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں ان کے علاوہ شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔