پونچھ/منڈی//ٹی وی اینکر روہت سردانہ کے اسلام کی برگزیدہ شخصیات کے خلاف گستاخانہ ٹوئٹ پر پونچھ اور منڈی میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔پونچھ میںانجمن جعفریہ پونچھ کی جانب سے علی جامع مسجد کے صحن میںاحتجاج کیاگیا۔اس موقعہ پرمولانا سجاد حیدر قمی نے کہاکہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے مگر بنت رسول اللہ اور زوجہ رسول اللہ ؐ اور حضرت مریمؑ کی شان مبارک میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا ۔ انہو ں نے کہاکہ میڈیاکسی بھی قوم وسماج کا آئینہ ہوتا ہے اوراس کاکام نفرت نہیں بلکہ ملک میں امن وسکون کی فضا ہموار کرنا ہے مگر روہت سردانہ نے جو حرکت انجام دی ہے وہ صر ف مسلمانوں کے جذبات سے ہی کھلواڑ نہیں اسب سے بلکہ میڈیا کا وقار بھی مجروح ہواہے اس لئے ایسے فتنہ پرور کی گرفتاری عمل میںلائی جائے ۔انجمن جعفریہ کے صدر مقبول احمد قلی نے کہا کہ اگر روہت سردانہ کو حکومت گرفتار نہیں کرتی تومسلمانوں کی طرف سے سامنے آنے والے رد عمل کی ذمہ دار خود حکومت ہوگی کیونکہ سردانہ کے گستاخانہ ٹوئٹ سے ملک کی سالمیت پر آنچ آئی ہے۔انہوںنے کہاکہ ٹی وی چینل انتظامیہ کو ایسے افراد کو برخواست کردیناچاہئے اوراگر ایسا نہیں تو تمام مسلمانوںکو اس چینل کی نشریات کو دیکھنا ترک کردیناچاہئے ۔اسی سلسلے میں منڈی میں بھی گزشتہ روز احتجاج کیاگیا۔ امامِ جمعہ جامع مسجد المصطفیٰ منڈی سیّد اقرار حیدر زیدی نے کہا کہ وہ روہت کی مذموم حرکت کی مذمت کرتے ہیںاور حکومت ایسے شخص کو کڑی سزا دے ۔انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ یہ کبھی بھی برداشت نہیں کرے گی کہ مقدسات کی توہین کی جائے اور اگر اس سلسلے میں کارروائی نہ ہوئی تو مسلمان سڑکوں پر نکل آئیںگے ۔ مرکزی جامع مسجد منڈی کے امام مولانا سیّد امین شاہ گیلانی نے کہا کہ آج تک چینل کے اینکر روہت سردانہ نے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے اس لئے وہ سرکار سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سردانہ کی اس بے ہود ہ حرکت پر کاروائی کرے اور اسے سخت سزا دی جائے ۔انہوںنے کہاکہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور اس کا آئین کسی بھی کو بھی یہ اجازت نہیںدیتاکہ وہ مذہبی شخصیات کی توہین کرے ۔انہوںنے کہاکہ اگر ایسے گستاخ کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو نتائج کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی۔