مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ٹھیرہ سے پوٹھی سکمن زیارت پر جارہی سڑک کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے مکینوں و ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ درگاہ پر جارہی سڑک کی مرمت اور اس کو مکمل کرنے میں مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کوئی دھیان ہی نہیں دے رہا ہے جس کی وجہ سے زیارت پر آنے والے عقیدت مندوں کےساتھ ساتھ وسیع علاقہ کی عوام کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ڈرائیوروں و گاڑیوں کے مالکان اس روٹ پر گاڑیاں چلنا ہی نہیں چاہتے جبکہ کئی گاڑیاں کھڈوں اور نالیوں میں ہی پھنس جاتی ہیں جن کو مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نکالنے کےلئے پریشان ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی مرمت کے سلسلہ میں فلڈ ٹینڈر ایک برس قبل لگایا گیا تھا لیکن ابھی تک سڑک کی مرمت ہی نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے مکینوں کی دقتوں میں مسلسل اضافہ ہو تا جارہاہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ زیارت پر جانے والی سڑک کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ مسافروں و عقیدت مندوں کو سہولیات میسر ہو سکے ۔