ٹھاٹھری گندوہ شاہراہ پر مال بردار ٹرک حادثہ کا شکار | دوکمسن بچیوں سمیت 6 افراد زخمی، لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویڑن گندوہ میں ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں 2 کمسن بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روز بارہ بجے کے قریب ایک مال بردار ٹرک زیر نمبرJK02BV- 9780جموں سے گندوہ کی طرف آرہا تھا جس دوران اولڈ ملکپورہ کے نزدیک وہ حادثہ کا شکار ہو کر تین سو فٹ نیچے دریا میں جا گرا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ، ایس ایس بی سے زیادہ پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ اس دوران زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا گیا جہاں پر ابتدائی علاج کے بعد دو افراد کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹرک میں لاکھوں کی مالیت کا سامان بھی تباہ ہوا ہے۔ اس حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کی شناخت نذیر احمد (30)ولد نور محمد ساکنہ ناگنی بونجواہ، بانی بیگم (27)زوجہ نذیر احمد ساکنہ بونجواہ،انام فاطمہ (2ماہ)دختر نذیر احمد، شمیمہ بیگم (26)زوجہ عشرت علی ساکنہ کوٹہ، علیزہ (9ماہ)دختر عشرت علی اور ڈرائیور محمد اعظم (28)ولد محمد شریف ساکنہ شیوا ڈوڈہ کے بطور ہوئی ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس تھانہ گندوہ میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔نذیر احمد و اسکی دو ماہ کی بچی کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا ہے۔
 
 
 

ڈوڈہ چرالہ سڑک پر منی بس سے گر کر 1 شخص جاں بحق 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع چرالہ سڑک پر میٹا ڈور سے گر کر ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق چرالہ سے ڈوڈہ کی طرف جارہی ایک منی بس زیر نمبری JK06 A-4709 سے بھیلا کے نزدیک ایک شخص گر کر شدید زخمی ہوا۔اس دوران اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا جہاں پر وہ دم توڑ گیا اس کی شناخت لیاقت علی (45)ولد محمد شفیع ساکنہ بنولہ کے طور پر ہوئی ہے۔اس سلسلہ میں پولیس تھانہ ٹھاٹھری میں ایف آئی آر زیر نمبری 112/2021 زیردفعہ 279/337 IPC درج کیا گیا ہے۔