ڈوڈہ //ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ کی خستہ حالی پر متعدد بار 'کشمیر عظمیٰ' میں شائع خبروں کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ و تعمیراتی ایجنسی حرکت میں آئی ہے اور ملک پورہ سے صدر مقام گندوہ کی طرف تارکول بچھانے کا عمل شروع کیا ہے۔سیول سوسائٹی نے تعمیراتی ایجنسی کی ناقص کارکردگی و متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ پانچ سال میں اس شاہراہ پر تارکول بچھانے کے لئے دو مرتبہ ٹنڈر نکالے گئے اور ہر مرتبہ کام ادھورا چھوڑا گیا۔ادھر ڈی ڈی سی کونسلر معراج الدین ملک نے الزام عائد کیا کہ ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت ضلع کی متعدد سڑکوں پر ہورہے بلیک ٹاپ کے کام میں غیر معیاری مواد کا استعمال کیا جارہا ہے جو چند دن بعد ہی اکھڑ جاتا ہے۔ ڈی ڈی سی کونسلر نے معمول کی طرح آج بھی ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر جاکر ہورہے کام کا جائزہ لیا جس دوران انہوں نے تار کول بچھانے کے عمل کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم مقدار میں تارکول ڈالا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی عدم توجہی سے ضلع ڈوڈہ کی بیشتر سڑکوں پر غیر معیاری مواد کا استعمال کیا جارہا ہے اور ضلع و مقامی انتظامیہ تماشا دیکھتی ہے۔ملک نے کہا کہ غیر معیاری مواد لگانے سے معمولی بارش سے یہ سڑکیں اپنی پرانی حالت پر پہنچ جاتی ہیں اور پھر مرمت کے لئے برسوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ڈی ڈی سی کونسلر نے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ سے تعمیراتی ایجنسیوں و متعلقہ اداروں کو جوابدہ بنانے و ناقص کارکردگی کا مظاہرہ دکھانے والے ٹھیکیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں جب کشمیر عظمیٰ نے تعمیراتی ایجنسی کے اہلکار سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ٹنڈر کے مطابق 75 ایم ایم موٹی تارکول دو مرحلوں میں بچھانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 50 ایم ایم اور دوسرے مرحلے میں 25 ایم ایم ڈبلیو بی ایم ڈالنا ہے۔
ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر تارکول بچھانے کا عمل شروع
