ڈوڈہ//ڈوڈہ کی ٹھاٹھری میں آشاورکروں نے اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کیا جس دوران انہوں نے ماہانہ مشاہرہ میں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں وہ قلیل سی رقم پر دورافتادہ علاقوں میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں وہیں کوڈ 19 کے اس بحران کے دوران بھی صف اول کی ورکروں کی طرح کام کیا لیکن اس کے باوجود ان کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک کیا جاتا ہے۔احتجاجی جلوس میں کاہرہ، بھیلہ، ٹھاٹھری ،فیگسو و دیگر مضافات کی آشاورکروں نے شرکت کی۔آشاورکروں نے ٹروما ہسپتال ٹھاٹھری سے ایک احتجاجی ریلی نکالی جو قصبہ سے گذرتے ہوئے ایس ڈی ایم کے دفتر کے سامنے ختم ہوئی۔فرحت جاوید نامی ایک آشاورکر نے کہا کہ وہ اپنی ڈیوٹی پابندی سے انجام دے رہے ہیں اور کورونا وائرس کے بحران کے دوران نہ صرف ویکسی نیشن عمل میں شرکت کی بلکہ گھر گھر جا کر ٹیکہ کاری مہم کو کامیاب بنایا۔شاہینہ بیگم نامی ایک اور آشاورکر نے کہا کہ کہ مہنگائی کے دور میں قلیل سی رقم پر گذارہ کرنا مشکل بن گیا ہے۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کرنے و ان کے لئے مستقل پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا۔اس دوران انہوں نے اپنے مطالبات کو لے کر ایک یادداشت سب ڈویژنل مجسٹریٹ ٹھاٹھری کو پیش کی۔