احمد آباد/یو این آئی// ٹوکیو میں اس سال 23 جولائی سے منعقد ہونے والے اولمپکس کے ہاکی ایونٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کے لئے منتخب ٹیم میں مغربی ریلوے کے چار کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔تعلقات عامہ کے چیف افسر سمت ٹھاکر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ، مغربی ریلوے کے لئے یہ فخر کی بات ہے ۔ ٹوکیو اولمپکس میں کھیلنے جارہی مرد اور خواتین کی ہندوستانی ہاکی ٹیموں میں مغربی ریلوے کی دو خواتین اور دو مرد ہاکی کھلاڑی شامل ہوں گے ۔ جنرل منیجر آلوک کنسل نے ان کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دی۔واضح رہے کہ دیپ گریس اکا اور نونیت کور ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے جارہی ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ امت روہی داس اور نیل کانت شرما مردوں کی ہاکی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ان چار کھلاڑیوں میں سے تین کا تعلق مغربی ریلوے کے ممبئی ڈویژن کے ٹکٹ چیکنگ کیڈر سے ہے ، جبکہ محترمہ اکا ممبئی سنٹرل میں آفس سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر فائز ہیں۔دیپ گریس اکا اور نونیت کور اس سے قبل سن 2016 کے ریو اولمپک کھیلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ وہ جکارتہ میں منعقدہ 2018 – ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی رکن بھی تھیں۔ امیت روہی داس 2018 – ایشین گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کے رکن تھے ۔ امیت روہی داس اور نیل کانت شرما میں 2019 بھونیشور میں منعقدہ آئی ایچ ایف ہاکی ورلڈ کپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کے رکن بھی تھے ۔ جہاں ایک طرف مغربی ریلوے نے ہمیشہ اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے وہیں دوسری طرف مغربی ریلوے کے کھلاڑیوں نے بھی اپنی کارکردگی اور کامیابیوں سے متعلقہ شعبوں میں ہمیشہ ایک الگ جگہ بنائی ہے ۔