خانصاحب میں کارکوحادثہ خاتون ہلاک،رام بن میں مسافر پھسل کر کھائی میں گرا
بڈگام+بانہال+رام بن//ٹنل کے آر پار مختلف حادثوں میں چار افراد ہلاک اورایک زخمی ہوگیا۔بانہال کے قریب چار گلیاروں والی سرینگرجموں شاہراہ کے تعمیر اتی کام کے دوران ایک ورکر کی مشین سے گرآنے کی وجہ سے موت ہوگئی جبکہ ایک اور ورکر زخمی ہوگیا،ادھر بھلیسہ میں گزشتہ روز سڑک حادثے میں زخمی ہوافاریسٹ گارڈ بھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔اس طرح اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد اب دو ہوگئی۔ بانہال کے نزدیک زیر تعمیر فورلین شاہراہ کے تعمیراتی کام کے دوران ایک ورکر کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ دوسرا ورکر زخمی ہوا ۔ ایس ایچ او بانہال نعیم الحق نے بتایا کہ فورلین شاہراہ پر کھارپورہ بانہال کے نزدیک کام کرر ہی راک بولٹنگ(چٹان میں چھیدکرنے والی) مشین کی کیبل اچانک کٹ گئی اور اس پر کام کرنے والے دو ورکر زمین پر گر آئے جس کی وجہ سے ایک کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی صبح پیش آئے اس حادثے میں 23 سالہ سنی کمار ولد کھیم راج ساکنہ گندو ضلع ڈوڈہ موقع پر ہی ہلاک ہوا جبکہ دوسرا ورکر ہوشیار سنگھ ولد بال کرشن ساکنہ ٹپری ضلع کشتواڑ زخموں کے ساتھ بچ نکلا ۔پولیس نے قانونی چارہ جوئی کے بعد لاش کو آخری رسومات کیلئے ورثا کے سپرد کیا اور بانہال پولیس سٹیشن میں اس سلسلے میں ایک کیس نمبر 129 زیر دفعہ 287/ 304A / 337 تعزیرات ہند درج کیا گیا ۔ ادھربھلیسہ ڈوڈہ میں گاڑی کو حادثہ پیش آنے سے زخمی فاریسٹ گارڈ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی جنگ ہار گیا۔ گزشتہ روز ایک سوفٹ گاڑی زیر نمبرJK02CM/0885کو تحصیل چھلی پنگل بھلیسہ ڈوڈہ کے منائی میں حادثہ پیش آیا جس کے باعث ایس پی او اشوک کماربیلٹ نمبر(1053/SPO)موقعہ پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ فاریسٹ گارڈ محمد اشرف ولد محمد شفیع زرگر ساکن بیلہ ٹھاٹھری زخمی ہوگیا۔ مذکورہ فاریسٹ گارڈ طبی مرکز میں زیر علاج تھا اور وہ جمعہ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کرنے کے دوران دم توڑ بیٹھا۔ اس حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد اب دوہوگئی۔ خانصاحب بڈگام میں دودھ پتھری شاہراہ پر ٹنگہ نار کے مقام پر جمعہ کی سہ پہر گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے کپواڑہ کی خاتون ڈرائیور موقع پر ہلاک ہوگئی۔پولیس کے مطابق خانصاحب سے دودھ پتھری جانے والی شاہراہ پر کار زیر نمبر JK03J-6384 جسے صائمہ دختر عبدالرشید خان ساکنہ کپواڑہ نامی خاتون چلا رہی تھی، ٹنگہ نار کے مقام پر حادثے کا شکار ہوکرگہری کھائی میں جاگری جس کے سبب خاتون ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔پولیس نے قانونی لوازمات مکمل کرکے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے نعش آخری رسومات ادا کرنے کے لئے لواحقین کے سپرد کردی۔رام بن کے قریب ایک مسافر اُس وقت ہلاک ہوگیاجب وہ گاڑی سے اُتر کر پیشاب کرنے کے لئے جانے کے دوران سڑک پر پھسل کرنیچے نالے میں جاگرااور موقعہ پرہی اُس کی موت واقع ہوگئی۔پولیس کے مطابق ہلاک ہوئے شخص کی شناخت آدھار کارڈ کے مطابق بلال احمد ڈارولدغلام نبی ڈار ساکن دھوبی گھاٹ حضرت بل سرینگرکے طور ہوئی ۔وہ اینواگاڑی زیرنمبرJK-01T-5547میں سفرکررہاتھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کیوآرٹی ،اور ٹریفک اہلکار موقعہ پر پہنچ گئے اوربچائو کارروائیوں کا آغازکیا لیکن گہری کھائی میں گرے مسافر کی موت واقع ہوچکی تھی۔