عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ریلوے مسافروں کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد اور آئندہ دنوں میں متوقع سفری دباؤ کے پیش نظر شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے مسافروں کی سہولت کے لیے دو اہم ٹرینوں میں عارضی طور پر اضافی ایئر کنڈیشنڈ کوچز شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین نمبر 04082شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا۔ نئی دہلی ایکسپریس میں 14جولائی سے 16 جولائی تک عارضی طور پر ایک اضافی تھرڈ اے سی کوچ لگایا جائے گا، جس سے سیکڑوں یاتریوں اور سیاحوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔اسی طرح ٹرین نمبر 12426 نئی دہلی۔ جموں توی راجدھانی ایکسپریس میں بھی 11 جولائی سے 13 جولائی تک اور 16 جولائی کو ایک اضافی تھرڈ اے سی کوچ شامل کیا جائے گا۔ ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ راجدھانی ایکسپریس میں مسافروں کی طویل ویٹنگ لسٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافر آرام دہ اور محفوظ سفر کی سہولت حاصل کر سکیں۔علاوہ ازیں، سیاحوں اور یاتریوں کی سہولت اور وادی کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے جموں ڈویژن نے ویسٹا ڈوم اسپیشل ٹرین نمبر 04687/04688 (بڈگام۔ شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا ۔ بڈگام) کی سروس کی مدت 2نومبر 2026تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔فی الحال یہ ٹرین 31اگست 2026تک بانہال تک چلائی جائے گی، جبکہ 31اگست کے بعد اس کی سروس کو شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا تک توسیع دی جائے گی۔