محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ناشری ٹنل کے آر پار پیر کی صبح سے ہی ٹریفک جام کا جاری سلسلہ شام تک بھی جاری تھا اور دونوں طرف سے ٹریفک کو باری باری سے ڈھلواس کے مقام گزارا جا رہا تھا۔ اس دوران پیر کی شام چار بجے سے بانہال کے علاقوں میں بارشوں کا تازہ سلسلہ شروع ہوا اور جواہر ٹنل ٹاپ سمیت پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے۔ گزشتہ روز ڈھلواس کی دھنستی سڑک کے علاؤہ شاہراہ کے کئی مقامات پر ضرور مرمت کیلئے ضلع رام بن کی انتظامیہ چودہ گھنٹوں تک ٹریفک کا وقفہ لیا تھا لیکن اس کے باوجود ڈھلواس کے مقام پر سڑک میں خاص بہتری نہیں آئی ہے۔ پیر کیلئے ٹریفک حکام نے اگرچہ کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی تھی تاہم صبح سے ہی ڈھلواس کے آر پار ٹریفک جام کی وجہ سے ٹریفک کو نگروٹہ ، ادھم پور ، چینینی ، بانہال اور قاضی گنڈ میں ٹریفک کو روکنا پڑا اور دوپہر سے پہلے اور بعد میں ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور بھاری ٹریفک سست رفتاری کے ساتھ منزلوں کی طرف بڑھ رہا تھا۔جموںسے سرینگر آرہے ایک مسافر عبدالرشید مخدومی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ وہ اتوار کی دوپہر جموں سے نکلے تھے اور پیر کی صبح چار بجے چودہ گھنٹوں کے بعد ہی وہ سرینگر پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام میں پھنسے مسافروں میں مرد و خواتین اور بزرگ و بچوں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شاہراہ کے حوالے سے بات کرنے پر ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شاہراہ پر اتوار سے متاثرہ ٹریفک کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم ڈھلواس کی پسی کے آر پار ٹریفک کی نقل و حرکت سست رفتار ہے اور ٹریفک کو آگے بڑھانے کا عمل پیر شام شام تک جاری تھا۔ انہوں نے لوگوں کو شاہراہ کا سفر کرنے سے پہلے شاہراہ اور موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کی صلاح دی ہے۔
پسی گر آنے سے بٹوٹ دوڈہ کشتواڑ شاہراہ پر ٹریفک میں خلل آیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //کشتواڑ ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر کھیلینی کے نزدیک پیر کی صبح بھاری پسی گر آنے کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک متاثر ہوا ہے تاہم اس دوران کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈوڈہ کشتواڑ بٹوت قومی شاہراہ پر کھیلینی ٹنل کے نزدیک بھاری پسی گر آئی جس کے نتیجے میں ٹریفک نظام معطل ہوا تاہم دو گھنٹے بعد ٹریفک کو جزوی طور پر بحال کیا گیا۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل پل ڈوڈہ کے نزدیک بھاری پسی گر آئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا تھا۔
ُہلکی بارش اور پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی
محمد تسکین
بانہال// پیر کی شام چار بجے سے بانہال اور رام بن کے درمیانی سیکٹر میں بارشوں کا تازہ سلسلہ شروع ہواتاہم شام ہوتے ہوتے اس میں کمی واقع ہوئی اور اس سے شاہراہ کے ٹریفک پر کسی قسم کا کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔میدانی علاقوں میں بارشوں کے علاوہ جواہر ٹنل ٹاپ سمیت پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر تازہ برفباری ہوئی ہے تاہم شام ہوتے ہوتے موسم آبروالود تھا اور بارشیں تھم گئی تھیں۔
ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا سلسلہ شروع
درجہ حرارت میں نمایاں کمی، بیشتر علاقوں میں بجلی نظام متاثر
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں پیر کی سہ پہر دوبارہ بارش و برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور بیشتر علاقوں میں تیز آندھی سے بجلی کے ترسیلی نظام کو نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیر کی سہ پہر ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ ،ٹھاٹھری،بھدرواہ و عسر کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا سلسلہ شروع ہوا اور کئی علاقوں میں تیز آندھی سے بجلی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ بارش و برفباری کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں ایک بار پھر سے اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں ڈوڈہ ضلع شدید بارشوں، برفباری و تیز ہواؤں سے سینکڑوں مکانات و دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا تھا اور فصلوں، پھلدار درختوں و دیگر زرعی شعبہ بھی متاثر ہوا تھا وہیں رابطہ سڑکیں خستہ حال ہوئیں تھیں اور ایک خاتون از جان و 3 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔