جموں// اپنی پارٹی نے ٹرانسپورٹ نگر نروال میں جموں میونسپل کارپوریشن کیخلاف احتجاجی دھرنا دیا اور مطالبہ کیاکہ ٹرانسپورٹ نگر کی سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ترقی کی جائے۔احتجاج کی قیادت پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ کابینہ وزیر سردار منجیت سنگھ کر رہے تھے۔ اس احتجاج کا اہتمام پارٹی خواتین ونگ صوبائی صدر جموں پونیت کور اور ٹرانسپورٹر لیڈر تیرتھ سنگھ نے کیاتھا۔ اپنی پارٹی لیڈران نے ٹراسنپورٹ نگر کے یارڈ نمبر6میں دھرنے کے دوران جموں میونسپل کارپوریشن کیخلاف نعرہ بازی کی۔
انہوں نے ٹرانسپورٹروں، تاجر طبقہ اور ٹرک مالکان کو نروال میں درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار منجیت سنگھ نے ٹرانسپورٹروں ، تاجرطبقہ اور ٹرک مالکان کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہاکہ ٹرانسپورٹ نگر نروال جموں کا اقتصادی مرکز ہے اور اِس کو جان بوجھ کر نظر انداز کرنا اور ترقی سے دور رکھنا تشویش کن امر ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن کو چاہئے کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ٹرانسپورٹ نگر کی ترقی کی جائے کیونکہ یہاں اندرونی سڑکوں، گلیوں، راستوں، دکانوں، ورکشاپ اور پارکنگ سلاٹس میں صفائی ستھرائی نہیں، سڑک پر بلیک ٹاپنگ اور نہ ہی کوئی نکاسی کا نظام، ٹرانسپورٹروں کے لئے پینے کے صاف پانی کی سہولت اور نہ ہی آرام گاہ۔انہوں نے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن مکمل طور ناکام رہی ہے اور سمارٹ سٹی پروجیکٹ تکمیل سے پہلے ہی ناکام ثابت ہورہا ہے۔
ٹرانسپورٹ نگر میں کوئی فٹ پاتھ، نہ میڈیکل سینٹر ہے۔ دکانداروں اور گاڑی مالکان کی طرف سے چوری کی درجنوں شکایات کے باوجود یہاں پر پولیس کی گشت نہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ٹرانسپورٹ نگر کو نظر انداز نہ کیاجائے بلکہ یہاں پر سبھی بنیادی سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔انہوں نے کہاکہ ٹرک ڈرائیور/مالکان جموں ، کشمیر ، لداخ اور ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ ایک اہم رابطہ اور شہ رنگ ہیں لیکن پھر بھی اْنہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ اِن کے لئے جموں سرینگر اور جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر کوئی پینے کا صاف پانی، طبی سہولات اور رعایتی داموں پر راشن کا انتظام نہیں۔منجیت سنگھ نے مزید کہا’’ٹرانسپورٹرز قرض کے بوجھ تلے دب چکے ہیں لیکن حکومت نے اِن کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی۔
جموں و کشمیر حکومت کو سینئر افسران کی ایک ٹیم تشکیل دینی چاہیے تاکہ وہ ٹرانسپورٹرز سے بات کر سکیںاور اس کے مطابق جموں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت اس پر غور کر کے ترقی کے منصوبے بنائیں۔شاہراہ پر ٹرانسپورٹروں کو جو مسائل درپیش ہیں ان کے حل کے لئے پالیسی بنائی جائے۔انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ جب بھی مختلف وجوہات کی بنا پر ہائی وے بند ہوتے ہیں تو حکام جموں سری نگر اور جموں پٹھانکوٹ ہائی وے پر پھنسے ہوئے ٹرکوں کو سہولیات فراہم کرنے سے کیوں گریز کرتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ ٹرک ڈرائیوروں/مالکان کو سانبہ میں مانسر موڑ، جموں میں نگروٹہ اور اودھم پور میں دھار
سڑک اور مضافاتی علاقہ جات میں راشن، میوہ جات اور پینے کا صاف پانی فراہم کیاجانا چاہئے۔انہوں نے ٹرانسپورٹروں کی فلاح کے لئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی بھی مانگ کی اور متنبہ کیاکہ اگر اِن مطالبات پر فوری غور نہ کیاگیا تو صوبائی کمشنر دفتر جموں کے باہر دھرنا دیاجائے گا۔