جموں//وزیر برائے پارلیمانی امور عبدالرحمان ویری حزبِ اختلاف سے ملے اور انہیں ایوان میں کارروائی کے دوران حاضر رہنے کے لئے کہا۔ انہوںنے انہیں گورنر کے خطبے پر شکریہ کی تحریک پر بحث و تمحیص میں عملی طور شامل ہونے کے لئے بھی کہا۔وزیر، حزب اختلاف کی جانب سے حقوق انسانی کی خلاف ورزی پر خصوصی بحث کی مانگ کرتے ہوئے ایوان سے باہر نکلنے کے فوراً بعد ان سے ملے۔ویر ی نے کہا کہ جمہوری عمل جو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کی گئی ہے ، تمام عوامی نمائندگان کی شمولیت کے بغیر نامکمل ہے۔ واضح رہے کہ سپیکر نے پہلے وقفہ سوالات کے فوراً بعدایک گھنٹے کی بحث کی اجازت دی تھی تاہم حزبِ اختلاف نے وقفہ سوالات کو معطل کر کے فوری طور معاملے پر بحث شروع کرنے کی مانگ کی اور مانگ پوری نہ ہونے پر ایوان سے بطور احتجاجاً باہر نکلے ۔دریں اثنا نائب سپیکر قانون ساز اسمبلی نذیر احمد گریزی نے بھی حزبِ اختلاف کے ارکان سے اپیل کی کہ وہ ایوان کی کارروائی میں شمولیت کریں۔نائب سپیکر نے کارروائی کی صدارت کرتے ہوئے حزبِ اختلاف کو بحث میں شامل ہو کر اپنی قیمتی رائے عوام کے وسیع تر مفاد میں پیش کریں۔