سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغاسیدحسن نے عدالت عظمیٰ میں وسیم رضوی کی قران پاک کیخلاف عرضی کو خارج کئے جانے اوراُس پرپچاس ہزارروپیہ جرمانہ عائد کئے جانے کاخیرمقدم کیاہے۔ایک بیان میں آغاحسن نے کہا کہ وسیم رضوی کی طرف سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست پوری امت مسلمہ کے دینی جذبات اور قران مقدس کی ناقابل برداشت توہین تھی ۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سپریم کورٹ نے درخواست کو مسترد کیا ہے مسلمانان ہند کیلئے یہ اطمینان بخش خبر ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو ’دیرآید درست آید ‘قراردیتے ہوئے امیدظاہر کی کہ آئند اگر کوئی شخص کسی مزہب یا عقیدے کے خلاف کوئی درخواست کسی بھی عدالت میں دائر کرے گا تواس کو اولین فرصت میں ہی نہ صرف خارج کیا جاناچاہیے بلکہ ایسے شخص کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جانی چاہیے ۔آغاحسن نے اُن تمام علمائے دین ،مفتیان،خطباء وائمہ اوردینی تنظیموں ،صحافی برادری کا شکریہ اداکیا جنہوں نے اس سازش کے پس پشت مقاصدسے خبردار کیا ۔