سرینگر//وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، فوجی سربراہ جنرل ایم ایم ناروانے کے ہمراہ اتوار کو لداخ کے تین روزہ دورے پر پہنچ گئے۔ انہوں نے لیہہ میں سابق فوجیوں سے ملاقات کی۔اس موقعہ پرسابق فوجیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمیں یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دل میں فوجی جوانوں، سابق فوجیوں کے لیے کتنا احترام ہے۔ ون رینک، ون پنشن کا مسئلہ 30-40 برسوں سے جاری تھا،جسے پورا کیا گیا۔لداخ کے دورے پر وزیر دفاع سنگھ آرمی چیف جنرل ایم ایم ناروانے کے ساتھ ہندوستان کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ وہ بارڈر روڈس آرگنائزیشن (بی آر او) کے ذریعے تعمیر کردہ کچھ بنیادی تعمیراتی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے اور علاقے میں تعینات جوانوں سے بات چیت کریں گے۔ وزیر دفاع مشرقی لداخ میںچین کیساتھ لگنے والی سرحد کا بھی دورہ کریں گے۔وزیر دفاع بھارتی فوج کی ا ونچے پہاڑوں پر تعیناتی کا بھی جائزہ لیں گے اور اگلی چوکیوں کا معائنہ کرنے کے دوران فوجیوں کیساتھ بات چیت کریں گے۔خیال رہے کہ وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں فریقین نے مشرقی لداخ کے باقی تنازع والے علاقوں سے اپنی فوجوں کی واپسی کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے جلد ہی فوجی سطح پر بات چیت کا اگلا دور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔فوجی حکام کے مطابق اس وقت لائن آف ایکچول کنٹرول کے دونوں اطراف حساس علاقوں میں 50ہزار سے زائد فوجی تعینات ہیں۔