سرینگر//سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے وزیر داخلہ امت شاہ کے اُس بیان کو صریحاًغلط قرار دیا ہے جس میں وزیرداخلہ نے کشمیر میں جنگجویت اور تشدد کےلئے دفعہ370کو بنیادی وجہ قراردیااور کہا کہ اسی لئے اس دفعہ کو کالعدم کیا گیا۔ ایک بیان میں سوز نے کہا،”بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ جوبھی سیاسی بیان دینا چاہتے ہیں، وہ اُس کے مجاز ہیں۔مگر اُن کا یہ کہنا صریحاً غلط ہے کہ آئین ہند کی دفعہ 370 ریاست جموںوکشمیرمیں عسکریت پسندی اور تشدد کےلئے بنیادی وجہ تھی ،جس کےلئے دفعہ 370 کو کالعدم کیا گیا ہے۔انہوں نے اپنے دعویٰ کے بارے میں کوئی دلیل فراہم نہیں کی ہے۔ اُن کا یہ دعویٰ بنیادی طور پر غلط ہے۔امیت شاہ جی کو یہ بھی سوچنا چاہئے تھا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور اس ملک میں سارے سیاسی اقدامات جمہوری طریقے سے لئے جانے چاہیں“۔ سوز نے اپنے بیان میں مزید کہا،”میری نظر میں امیت شاہ کےلئے یہ بات کافی نہیں ہے کہ وزیر اعظم نے اُن کے بیان کو سراہا ہے۔امیت شاہ جی کو عوامی اعتماد کی بھی فکر کرنی چاہئے ۔بنیادی طور پر امیت شاہ جی کو جمو ں و کشمیر ریاست اور ہندوستانی وفاق کے درمیان آئینی رشتے کی تاریخ پر بھی غور کرنا چاہئے تاکہ یونین اور ریاست جموںوکشمیر کے لوگوں کے درمیان رشتے کو قائم رکھنے کےلئے حالات سازگار رہیں، نہیں تو جیسا اب ہے کہ جموںوکشمیر کے لوگ مرکز سے ناراض ہیں اور یہ ناراضگی بدستور جاری رہے گی کیونکہ یونین اپنے سیاسی فیصلے غیر جمہوری طریقے سے لیتی رہے گی آج کشمیر میں لوگوں کے قلب و ذہن میں جو اضطراب ہے، اُس کی بنیادی ذمہ داری ہند یونین کی ہے۔“