جموں//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے جموں خطے میں نبارڈ اور سینٹرل روڑ فنڈ سڑک اور پُل پروجیکٹوں پر جاری کام کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا۔تعمیرات عامہ ، سیاحت ، امور قبائل کے وزیر مملکت شکتی راج پریہار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے ستواری ائیرپورٹ آر ایس پورہ روڑ ، چار گلیاروں والی ستواری کنجوانی سڑک ، چوکی چورہ سے کتھر تک جانے والی لنک روڑ کی مرمت اور اَپ گریڈیشن ،اُتربینی پرمنڈل سڑک کو وسعت دینے ،جٹھانہ ضلع کٹھوعہ میں دریائے اجھ پرپُل کی تعمیر ، ہتھلی سڑک کی مرمت اور اَپ گریڈیشن و دیگر پلوں کے پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔تعمیرات عامہ کے وزیر نے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر ان پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔شکتی راج پریہا ر نے انجینئروں کو ہدایت دی کہ و ہ سڑکوں کی میکڈمائزیشن کاموں کے لئے مقررہ معیار کے علاوہ جاری پروجیکٹوں کو معیاد بند طریقے پر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔اس سے قبل تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کے چیف انجینئروں نے جموں خطے میں مختلف سڑک اور پُل پروجیکٹوں کے موجودہ صورتحال سے میٹنگ کو مطلع کیا۔ میٹنگ میں چیف انجینئر آر اینڈ بی ، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ، ایس ای آر اینڈبی جموں ،کٹھوعہ، اودھمپور اور دیگر انجینئر صاحبان شامل تھے۔