تمام 7 اضلاع کو خود مختار کونسلیں ملیں گی
بیوروکریسی کنٹرول کرنے کیلئے منتخب ادارہ ہوگا
سرینگر//لداخ کے لیے ایک تاریخی سیاسی پیشرفت میں، مرکزی حکومت نے قانون سازی، ایگزیکٹو اور مالیاتی اختیارات کے ساتھ ایک طاقتور یونین ٹیریٹری سطح کے منتخب قانون ساز ادارے کے قیام کی تجویز پیش کی ہے، جو مرکزی وزارت داخلہ اور لداخ کے نمائندوںکے درمیان بات چیت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔نئی دہلی میں ایم ایچ اے کی ایک اعلیٰ سطحی ذیلی کمیٹی کی میٹنگ کے دوران تجویز کو حتمی شکل دی گئی ۔ تجویز میں ایک منتخب یوٹی سطح کی حکومت کا تصور پیش کیا گیا ہے جس کی سربراہی وزیر اعلیٰ کے مساوی اختیارات کے ساتھ ہو۔ اہم بات یہ ہے کہ چیف سکریٹری اور آل انڈیا سروسز (AIS) کے افسران سمیت تمام نوکرشاہ منتخب ادارے کے ایگزیکٹو اتھارٹی کے تحت کام کریں گے۔ اس پیشرفت کو لداخ کے لیے جمہوری طور بااختیار بنانے اور آئینی تحفظات کی جانب ایک بڑے قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں ریاست کا درجہ اور چھٹے شیڈول کے تحفظات کے مطالبات پچھلے کئی سالوں سے تیز ہو گئے ہیں۔لیہہ اپیکس باڈی (ایل اے بی) اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس(کے ڈی اے)کے جاری کردہ مشترکہ بیان کے مطابق، دونوں فریق لداخ سے متعلق اہم سیاسی اور انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کے بعد ایک “اصولی مفاہمت” پر پہنچ گئے۔ لداخ کے تمام سات اضلاع میں مناسب خود مختاری کے ساتھ ضلع کونسلیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ نئے سیاسی ڈھانچے، انتخابی فریم ورک اور آپریشنل میکانزم کا صحیح نام سٹیک ہولڈرز کے درمیان مزید مشاورت کے ذریعے طے کیا جائے گا۔
لداخ کے سابق ایم پی تھوپستان چھیوانگ نے اس معاہدے کو ایک “تاریخی قدم آگے” قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 371 کے تحت مجوزہ آئینی انتظامات میں ایسے ہی تحفظات شامل ہوں گے جو ناگالینڈ، سکم اور میزورم کو آرٹیکل 371-A، 371-F اور 371-G کے تحت دیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس انتظام میں مقامی اداروں کی بامعنی مالی اور انتظامی بااختیاریت کے ساتھ ساتھ منتخب یوٹی مقننہ کی سربراہی بھی شامل ہے جس کی سربراہی وزیر اعلیٰ کے مساوی حیثیت سے با اختیار ہو۔ ایم ایچ اے نے سٹیک ہولڈرز کو مطلع کیا کہ بنیادی طور پر تنخواہوں اور انتظامیہ جیسے اخراجات کے وعدوں کو برقرار رکھنے کے لئے آمدنی کی ناکافی کی وجہ سے لداخ کو فی الحال مکمل ریاست کا درجہ نہیں دیا جاسکتا ہے۔ تاہم، عہدیداروں نے اشارہ کیا کہ مجوزہ فریم ورک آخرکار ریونیو کے معیارات حاصل کرنے کے بعد مکمل ریاستی حیثیت کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔دونوں ہل کانسلوں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ساتوں اضلاع کو ان کے دائرہ اختیار میں ثقافت، اراضی اور لوکل گورننس سے متعلق اختیارات کے ساتھ خود مختار کونسلیں حاصل ہوں گی۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ ایم ایچ اے سٹیک ہولڈرز، قانونی ماہرین اور آئینی مشیروں سے تحریری تجاویز حاصل کرنے کے بعد یوٹی سطح کی مقننہ کے لیے ایک ڈرافٹ فریم ورک تیار کرے گا۔ عمل درآمد کے لیے کسی ٹائم لائن کا اعلان نہیں کیا گیا، حالانکہ حکام نے شرکا کو یقین دلایا کہ یہ عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔میٹنگ میں وزارت داخلہ اور لداخ انتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ ہل کونسلوں کے سرکردہ نمائندوں بشمول سونم وانگچک، حاجی حنیفہ جان، اصغر علی کربلائی اور دیگر نے شرکت کی۔