سرینگر//وزیر داخلہ جناب راجناتھ سنگھ کل یہاں بین ریاستی کونسل کی بارہویں اسٹینڈنگ کمیٹی کی صدارت کریں گے۔مذکورہ اسٹینڈنگ کمیٹی کی صدارت وزیرداخلہ جناب راجناتھ سنگھ کے تحت ہے اور اس میں وزیر خارجہ محترمہ سشما سوراج، خزانہ اور کمپنی امور کے وزیر جناب ارون جیٹلی، سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں، جہاز رانی، آبی وسائل، دریائی ترقیات اور گنگا احیا کے وزیر، جناب نتن گڈکری اور سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر جناب تھاور چند گہلوت نیز آندھراپردیش ، چھتیس گڑھ ، اڈیشہ، پنجاب، راجستھان، تری پورہ اور اترپردیش کے وزرائے اعلیٰ بطور اراکین شامل ہیں۔اس میٹنگ میں مرکز- ریاست تعلقات کے موضوع پر پنچھی کمیشن کی جانب سے پیش کردہ سفارشات پر تبادلہ خیالات کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ آئی ایس سی کی گیارہویں میٹنگ 9 اپریل کو اس سال گیارہ برسوں کی فصل کے بعد منعقد ہوئی تھی۔ قائمہ کمیٹی کی میٹنگ کا ایک سال میں دو مرتبہ طلب کیا جانا،یہ ظاہر کرتا ہے کہ مرکز- ریاست تعلقات میں ہم آہنگی کے فروغ کے موضوع کو کس قدر اہمیت حاصل ہے۔ 30 مرکزی وزارتوں/ محکموں کے نمائندگان اور 7 ریاستی حکومتوں کے نمائندگا ن کو بھی گفت و شنید کے مرحلے میں کمیٹی کی اعانت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ میٹنگ کے دوران، ریاستی حکومتوں کے نظریات اور خیالات نیز مرکزی وزارتوں/ محکموں کے نظریات و خیالات کو بھی پنچھی کمیشن کی سفارشات کے شانہ بشانہ زیر غور لایا جائے گا اور بعد ازاں قائمہ کمیٹی اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے گی۔