ٹریفک مسائل کے حل اور ای ایم آر ایس منصوبہ بروقت مکمل کرنے پر زور
جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے ضلع پونچھ میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں، ٹریفک مینجمنٹ اور اہم ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک شرما سمیت مختلف محکموں کے سینئر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔میٹنگ کا بنیادی مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کرنا اور بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانا تھا۔ وزیر موصوف نے کالابن، سرہوتی اور سنگیوٹ کے علاقوں میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لئے امدادی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے سست رفتاری پر تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ امدادی کاموں میں کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔جاوید رانا نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر متاثرہ خاندان تک امداد پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’’کوئی بھی متاثرہ فرد پیچھے نہیں رہنا چاہیے‘‘ اور حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر متاثرین کی مدد کرے گی۔وزیر نے طویل المدتی استحکام کے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف فوری امداد کافی نہیں بلکہ پائیدار بحالی بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مٹی کے تحفظ، ڈھلوانوں کی مضبوطی، نکاسی آب کے بہتر نظام اور وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔ اس سلسلے میں محکمہ جنگلات کے ساتھ قریبی تال میل رکھنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ٹریفک مسائل پر بات کرتے ہوئے وزیر نے مینڈھر اور دیگر علاقوں میں غلط پارکنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے ٹریفک جام کا سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو فوری اصلاحی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت کو منظم کرنے کے لئے مناسب ٹائمنگ شیڈول ترتیب دیا جائے تاکہ سکول بسوں اور ایمرجنسی خدمات، خصوصاً ایمبولینسوں کی نقل و حرکت متاثر نہ ہو۔جاوید رانا نے ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں منتخب عوامی نمائندوں کی شمولیت کو بھی ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے زمینی حقائق سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں، اس لئے انہیں ہر مرحلے پر شامل کرنا ضروری ہے تاکہ عوامی مسائل کا مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے ایکلاویہ ماڈل رہائشی سکول (ای ایم آر ایس) کے جاری تعمیراتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام زیر التوا منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے افرادی قوت کی دستیابی، پانی کی مسلسل فراہمی اور بنیادی سہولیات کی بہتری پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر طلبہ کے لئے ہوسٹل اور ڈائننگ ہال کی سہولیات کو معیاری بنانے کی ہدایت دی۔وزیر نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ تمام زیر التوا مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ طلبہ کو بہتر رہائشی اور تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے اور ضلع پونچھ کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔