وزیراعظم کوپاکستان کی ایدھی فائونڈیشن کی امداد کی پیشکش کو قبول کرنی چاہیے:سوز

سرینگر//پاکستان کی ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے بھارت کو کورونا وائرس کی  عالمگیروباء کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے میںمدد دینے کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوزؔنے کہا ، ’’یہ نہایت خوش آئند قدم ہے کہ پاکستان کی ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھا ہے اور کہا ہے کہ اُن کی فائونڈیشن کی طرف سے پچاس وینٹی لیٹروں کے ساتھ گاڑیوںکو ہندوستان میں داخل ہو کر کرونا کی وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے امداد تقسیم کرنے کی اجازت دی جائے۔ ایک بیان میں پروفیسر سیف الدین سوز نے کہا کہ ایدھی فائونڈیشن نے کہا ہے کہ فیصل ایدھی کی سربراہی میں پچاس ونٹی لیٹروں کے ساتھ پچاس گاڑیاں ہوںگی اور جن میں ضروری ساز و سامان بھی ہوگا۔انہوںنے کہا کہ میرا خیال ہے کہ فیصل ایدھی کی پیشکش کو یہاں پر غلط نہیں سمجھا جائے گا کیونکہ فیصل ایدھی نے اپنی سچائی اور ایمانداری کیلئے عالمی سطح پر کافی نام کمایا ہے۔ایدھی فائونڈیشن پاکستان کا سب سے بڑا فائونڈیشن ہے ،جس نے خیراتی اور امدادی کاموں کیلئے عالمی شہرت حاصل کی ہے۔سوز نے کہا کہ میرا یہ بھی خیال ہے کہ ایدھی فائونڈیشن کی پیشکش کے بارے میں کوئی غلط فہمی نہیں ہوگی کیونکہ ایدھی فائونڈیشن کسی سیاسی جماعت کے ساتھ وابستہ نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ میں وزیر اعظم مودی سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ ایدھی فائونڈیشن کی پیشکش کو قبول کر کے فیصل ایدھی اور اس کے پچاس ساتھیوں کو ہندوستان میں داخل ہونے کی اجازت دیں گے تا کہ وہ اپنا امداد ی سامان لوگوں میں براہ راست تقسیم کریں۔