عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل 2024 میں چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ میں ریکارڈز کی برسات کرڈالی ۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز وراٹ کوہلی تین رنز سے اپنی نصف سنچری سے چوک گئے ۔ تاہم انہوں نے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں 3000 رنز بھی مکمل کرلئے۔ وراٹ آئی پی ایل میں کسی ایک مقام پر یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ کوہلی 29 گیندوں میں 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔آئی پی ایل 2024 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں وراٹ کوہلی پہلے نمبر پر ہیں۔ اس سیزن میں انہوں نے 155.60 کے اسٹرائیک ریٹ سے سب سے زیادہ 708 رنز بنائے ہیں، جس میں ایک سنچری اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ کوہلی نے اس دوران 59 چوکے اور 37 چھکے لگائے ہیں۔ کوہلی آئی پی ایل میں ایک سیزن میں دو بار 700 پلس اسکور کرنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ اس معاملے میں انہوں نے کرس گیل کی بھی برابری کر لی ہے۔ گیل نے بھی آئی پی ایل میں دو مرتبہ 700 پلس اسکور کیا ہے۔ کوہلی نے کپتان فاف ڈو پلیسس کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 78 رنز کی شراکت داری کی۔وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل کے اس سیزن میں 37 چھکے لگائے ہیں۔ یہ اس سیزن میں کسی بھی بلے باز کا سب سے زیادہ چھکا ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر نکولس پورن ہیں جنہوں نے 36 چھکے مارے ہیں جبکہ ابھیشیک شرما نے 35 چھکے لگائے ہیں۔وراٹ کوہلی آئی پی ایل کے ایک سیزن میں سب سے زیادہ 38 چھکے بھی لگا چکے ہیں ۔ کوہلی نے 2016 میں 38 چھکے لگائے تھے۔ 2015 میں کوہلی نے 23 چھکے لگائے تھے جبکہ 2013 میں انہوں نے 22 چھکے لگائے تھے۔